مسلح افواج اور وزارت دفاع نے آج سے ملک گیر سطح پر مختلف پروگراموں کا آغاز کیا
ڈی آر ڈی او کے سائنسدان یوم آزادی منانے کے لیے سرحدی علاقے کے دیہات کا دورہ کریں گے
نئی دہلی، 13 اگست (انڈیا نیرٹیو)
وزارت دفاع کے ماتحت مسلح افواج اور مختلف تنظیمیں ہندوستان کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر ملک بھر میں 'آزادی کا امرت مہوتسو' منانے کے لیے مختلف تقریبات کا اہتمام کر رہی ہیں۔ اس تسلسل میں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعہ کو باضابطہ طور پر کئی ورچوئل پروگراموں کا آغاز کیا۔ بارڈر روڈس آرگنائزیشن، انڈین کوسٹ گارڈ، انڈین نیوی، آرمی، این سی سی کیڈٹس ان پروگراموں میں حصہ لیں گے۔ اس کے علاوہ ڈی آر ڈی او سائنسدانوں کی ایک ٹیم یوم آزادی منانے کے لیے سرحدی علاقے کے دیہات کا دورہ کرے گی۔
بی آر او ملک کے 75 پہاڑی مقامات پر ترنگا لہرائے گا
بارڈر روڈس آرگنائزیشن (بی آر او) 75 اہم پہاڑی سڑکوں اور ملک کے دیگر مقامات پر آزادی کے 75 سالوں کے موقع پر قومی پرچم لہرا کر سرحدی انفراسٹرکچر کی ترقی میں اپنا عزم ظاہر کرے گی۔ بی آر او کی 75 ٹیمیں آج ان دور دراز پہاڑی راستوں کے لیے روانہ ہوں گی۔ ان میں سب سے نمایاں 'املنگ گلا درہ' ہے، جو مشرقی لداخ میں 19,300 فٹ پر دنیا کی سب سے اونچی گاڑیوں کی آمد و رفت والی سڑک ہے۔ دوست ممالک کے علاوہ شمال مشرق میں اٹل سرنگ، روہتانگ اور ڈھولا سادیہ پل جیسے بڑے مقامات پر بھی ترنگا لہرایا جائے گا۔
انڈین کوسٹ گارڈ 100 جزیروں پر قومی پرچم لہرائے گا
انڈین کوسٹ گارڈ 15 اگست کو 'آزادی کا امرت مہوتسو' کے ایک حصے کے طور پر ہندوستان کے 100 جزیروں پر قومی پرچم لہرائے گا۔ یہ پروگرام 13 اگست یعنی آج سے شروع ہوگیا ہے۔
بحریہ کے اہلکار آزادی کی لگائیں گے دوڑ
ہندوستانی بحریہ کے اہلکار، ان کے اہل خانہ اور بحری افسران نئی دہلی کے میس ورون میں آزادی کی دوڑ میں حصہ لیں گے۔ وزیر دفاع نے ورچوئل انداز میں فریڈم رن کو جھنڈی دکھائی۔ یہ رن 'آزادی کا امرت مہوتسو' منانے کے لیے آج ملک بھر میں شروع کی گئی فٹ انڈیا فریڈم رن 2.0 کا حصہ ہے۔
انڈین آرمی کی ٹیمیں 75 پہاڑی دروں کو عبور کریں گی
عام شہریوں میں فخر اور اعتماد کا احساس پیدا کرنے کے لیے بھارتی فوج کی ٹیمیں 'آزادی کا امرت مہوتسو' منانے کے لیے 75 پہاڑی راستوں کو عبور کریں گی۔ ان میں لداخ علاقے میں سسیرلا درہ، کارگل ریجن میں اسٹیک پوچن درہ،ا ستوپنتھ، ہرشیل، اتراکھنڈ، فیم کرنالہ، سکم اور اروناچل پردیش کے تاوانگ ریجن میں پوائنٹ 4493 شامل ہیں۔ وزیر دفاع نے آج اس پروگرام کو جھنڈی دکھائی ۔ آرمی کی پیراٹروپرس ٹیم کے 75 اسکائی ڈائیورس 'آزادی کا امرت مہوتسو' پروگرام کے تحت آج آسمان سے پیرا جمپنگ کرکے زمین پر اترے۔
کتاب 'ڈیڈس آف گیلینٹری' کا اجرا
اس موقع پر وزیر دفاع نے پاکستان کے ساتھ 1971 کی جنگ میں بھارت کی فتح کا جشن منانے کے لیے کتاب 'ڈیڈس آف گیلنٹری' جاری کی۔ اس کتاب میں 20 منتخب لڑائیوں کی تفصیلات دینے کے ساتھ ساتھ بھارتی فوجیوں کی بہادری کا ذکر کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت فوجی سر گرمیوں سے متعلق مختلف محکمے مختلف سرگرمیوں کے ذریعہ اس پروگرام کا حصہ بنیں گے۔