دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) انل بیجل نے اپنا استعفیٰ صدر جمہوریہ کو سونپ دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انہوں نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے استعفیٰ دیا ہے۔ نجیب جنگ کے بعد وہ دہلی کے ایل جی بنے۔ انہیں 31 دسمبر 2016 کو لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر مقرر کیا گیا تھا۔
پانچ سال اور تقریباً چار ماہ کے دور میں انل بیجل اور وزیر اعلی اروند کیجریوال کے درمیان تنازعات بھی رہے۔ لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کے دور میں دہلی حکومت کے درمیان معاملات کو لے کر کئی اختلافات تھے۔ قابل ذکر ہے کہ ان کی پانچ سالہ مدت 31 دسمبر 2021 کو مکمل ہوئی تھی۔ لیکن انہیں سروس میں توسیع دی گئی۔ تاہم دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر کی مدت کار طے نہیں ہے۔
انیل بیجل 1969 بیچ کے آئی اے ایس افسر ہیں۔ انہیں دہلی کا 21 واں لیفٹیننٹ گورنر بنایا گیا۔ انہوں نے اٹل بہاری واجپائی کی حکومت میں مرکزی داخلہ سکریٹری کے طور پر کام کیا ہے۔ داخلہ سکریٹری کے طور پر انہوں نے کرن بیدی پر کارروائی کی تھی اور انہیں جیل سربراہ کے عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ ان پر جیل کے قوانین کی خلاف ورزی کا الزام تھا۔
انل بیجل کئی وزارتوں میں اہم عہدوں پر فائز رہے۔ وہ دہلی ترقیاتی اتھارٹی کے ڈپٹی سکریٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔