Urdu News

دہلی تشدد: جہانگیرپوری تشدد معاملے میں 13 ملزمان گرفتار

دہلی تشدد: جہانگیرپوری تشدد معاملے میں 13 ملزمان گرفتار

نئی دہلی، 17 اپریل (انڈیا نیرٹیو)

شمال مغربی ضلع کے جہانگیرپوری تشدد معاملے میں اب تک 13 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ڈی سی پی اوشا رنگنانی نے اتوار کو بتایا کہ تشدد میں آٹھ پولیس اہلکاروں اور ایک عام شہری سمیت نو افراد زخمی ہوئے، جن کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔ زخمیوں میں ایک سب انسپکٹر کو گولی لگی، اس کی حالت مستحکم ہے۔

وہیں پولیس نے دنگا فساد، سرکاری حکم کی خلاف ورزی، مار پیٹ کئے جانے، قتل کی کوشش، سازش وغیرہ کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ذرائع کی مانیں تو پولیس کو شبہ ہے کہ یہ سارا واقعہ سازش کے تحت انجام دیا گیا ہے۔ علاقے کے کچھ سی سی ٹی وی کے تار کاٹے گئے تو کچھ توڑے گئے ہیں۔ فی الحال مذکورہ معاملے میں اسپیشل سیل، کرائم برانچ جانچ میں مصروف ہے۔

پولیس نے پتھراؤ شروع کرنے والے ملزمان سمیت اب تک 13 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس کی کل 10 ٹیمیں تحقیقات میں مصروف ہیں اور پولیس 15 کو حراست میں لے کر پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ کل شام ہنومان جنم اتسو جلوس کے دوران دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوا تھا۔ اس دوران کچھ شرپسندوں نے جلوس پر پتھراؤ شروع کردیا جس سے بھگدڑ مچ گئی۔ جلد ہی اس ہنگامے نے بڑی شکل اختیار کر لی۔ تشدد میں آٹھ پولیس اہلکاروں سمیت نو افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جن کا علاج جاری ہے۔ علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔

Recommended