Urdu News

نتیش کمار کو صدر جمہوریہ کا امیدوار بنانے کی مانگ شروع، حکمراں۔ اپوزیشن ایک ساتھ

نتیش کمار کو صدر جمہوریہ کا امیدوار بنانے کی مانگ شروع

پٹنہ، 10 جون (انڈیا نیرٹیو)

ملک میں صدر جمہوریہ کے عہدے کے لیے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی بہار کی سیاست میں بھی وزیراعلیٰ نتیش کمار کو امیدوار بنانے کا مطالبہ اٹھنے لگا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ملک کے اعلیٰ عہدے کے لیے جن ناموں پر سب سے زیادہ  بحث ہورہی ہے، ان میں ایک نام بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کا بھی ہے۔ اس معاملے پر بہار کے حکمراں  اور اپوزیشن متحد ہیں۔ این ڈی اے کے کئی لیڈروں کا ماننا ہے کہ نتیش کمار اس عہدے کے لیے سب سے موزوں چہرہ ہیں۔

آر جے ڈی کے ترجمان مرتیونجے تیواری نے پارٹی کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ بہار سے کسی چہرے کو صدر بننے کا موقع ملنے سے بڑی خوشی کی بات کوئی اور نہیں ہوگی۔ نتیش کمار اس کے لیے سب سے زیادہ اہل دعویدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں صدر جمہوریہ کے عہدے کا امیدوار بنایا جاتا ہے تو آر جے ڈی کو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا اور پارٹی ان کی حمایت کرے گی۔

اس سے قبل جمعرات کے روز وی آئی پی کے قومی ترجمان دیو جیوتی نے بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار کو صدر جمہوریہ کا امیدوار بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار میں صدر جمہوریہ بننے کی تمام صلاحیتیں ہیں۔ اگر نتیش کمار ملک کے صدر بنتے ہیں تو یہ پورے بہار کے لیے فخر کی بات ہوگی۔ اس سے پورے بہار کے لوگ خوش ہوں گے۔

Recommended