Urdu News

کئی جھٹکوں کے باوجود ہندوستانی معیشت مستحکم، مہنگائی آہستہ آہستہ کم ہوگی: آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس

آر بی آئی گورنر شکتی کانت داس

نئی دہلی/ممبئی، 05 اگست (انڈیا نیرٹیو)

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کے گورنر شکتی کانت داس نے کہا ہے کہ سنگین دور رس  اثرات مرتب کرنے والے دو غیر متوقع واقعات اور کئی دھچکوں کے باوجود ملک کی معیشت دنیا میں استحکام کا ایک جزیرہ بنی ہوئی ہے۔ داس نے یہ بات جمعہ کے روز  مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی تین روزہ جائزہ میٹنگ کے بعد پریس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

آربی آئی  کے گورنر نے ایم پی سی کی جائزہ میٹنگ کے بعد یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ وسیع پیمانے پر اتار چڑھاؤ اور غیر یقینی صورتحال کے باوجود ہندوستانی معیشت آج بھی دنیا میں میکرو اکنامک اور مالیاتی استحکام کی 'علامت' بنی ہوئی ہے۔ اگرچہ آر بی آئی کے گورنر نے یہ واضح نہیں کیا کہ دو غیر متوقع واقعات کیا تھے، لیکن کورونا وائرس وبائی مرض اور روس-یوکرین جنگ نے ماضی میں عالمی معیشت کو بڑے پیمانے پر متاثر کیا ہے۔

داس نے کہا کہ مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح کو چھو چکی ہے جو آنے والے دنوں میں مزید نیچے آئے گی۔ ابھی یہ ناقابل قبول حد تک اعلیٰ سطح پر ہے۔ آر بی آئی کے گورنر نے یہ بھی کہا کہ ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابل انتظام ہوگا، کیونکہ مرکزی بینک کے پاس اس فرق کو پر کرنے کی پوری صلاحیت ہے۔ درحقیقت، بڑھتی ہوئی خوردہ افراط زر کی شرح کو کنٹرول کرنے کے لیے، آر بی آئی نے پالیسی ریٹ ریپو ریٹ میں 0.5 فیصد اضافہ کیا ہے، جو بڑھ کر 5.4 فیصد ہو گیا ہے۔

Recommended