Urdu News

گھریلو ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ

گھریلو ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ

کمرشیل گیس کی قیمت میں 8.50 روپے فی سلنڈر کی کمی،چھوٹو سلنڈر کی قیمت میں 18 روپے کا اضافہ

نئی دہلی، 06 جولائی (انڈیا نیرٹیو)

مہنگائی کی مار ہر طرف سے جھیلنے والے عوام کو ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ پبلک سیکٹر آئل اینڈ گیس مارکیٹنگ کمپنیوں نے گھریلو ایل پی جی کی قیمت میں 50 روپے فی سلنڈر کا اضافہ کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 5 کلو کے چھوٹے سلنڈر کی قیمت میں 18 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے تاہم 19 کلو کے کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں 8 روپے 50 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق بدھ سے ہو گیا ہے۔

اس اضافے کے بعد راجدھانی دہلی میں 14.2 کلوگرام ایل پی جی سلنڈر کی قیمت بڑھ کر 1053 روپے ہوگئی ہے۔ وہیں، ملک کی مالیاتی راجدھانی ممبئی میں اس کی قیمت بڑھ کر 1052 روپے ہو گئی ہے، جب کہ کولاکتہ میں 14.2 کلو گھریلو  ایل پی جی  کی قیمت 1079 روپے فی سلنڈر ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ چنئی میں صارفین کو اب گھریلو گیس سلنڈر کے لیے 1068 روپے ادا کرنے ہوں گے۔

اس سے قبل گھریلو ایل پی جی کی قیمت میں 19 مئی 2022 کو تبدیلی کی گئی تھی جبکہ کمرشل گیس سلنڈر کی قیمت میں رواں ماہ دوسری بار کمی کی گئی ہے۔ درحقیقت یکم جولائی 2022 کو کمرشیل گیس کی قیمت میں 198 روپے فی سلنڈر کی کمی کی گئی تھی۔ آج کی کٹوتی کے بعد راجدھانی دہلی میں 19 کلو کمرشیل گیس کی قیمت 2012.50 روپے فی سلنڈر پر آ گئی ہے۔ ساتھ ہی، ممبئی میں اس کی قیمت 1972.50 روپے فی سلنڈر ہوگی اور کولکاتہ میں اب یہ 2132 روپے میں دستیاب ہوگی، جب کہ چنئی میں اس کی قیمت فی سلنڈر 2177.50 روپے ہوگی۔

Recommended