Urdu News

دروپدی مرمو نے تاریخ رقم کی، مرمو 15ویں صدر منتخب ہوئیں

دروپدی مرمو نے تاریخ رقم کی

مرمو ملک کی دوسری خاتون صدر بنیں

مرمو اعلیٰ ترین آئینی عہدے پر پہنچنے والی پہلی قبائلی خاتون ہیں

نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کی امیدوار دروپدی مرمو کو ملک کی 15ویں صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ اس اعلیٰ مقام پر پہنچنے والی دوسری خاتون ہیں۔ قبائلی سماج سے آکر مرمو نے ملک کے اعلیٰ ترین آئینی عہدے پر پہنچ کر تاریخ رقم کی ہے۔ وہ اس عہدے تک پہنچنے والی پہلی قبائلی خاتون ہیں۔ بی جے پی صدر جے پی نڈا نے مرمو کی رہائش گاہ پر جاکر انہیں مبارکباد دی۔ ساتھ ہی حریف یشونت سنہا نے بھی ٹویٹ کر کے نومنتخب صدر کو مبارکباد دی ہے۔

صدارتی انتخاب کے لیے ووٹوں کی گنتی کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل پی سی مودی نے کہا کہ دروپدی مرمو کو 5,77,777 ووٹ ملے ہیں۔ دوسری طرف مخالف امیدوار یشونت سنہا کو 2,61,062 ووٹ ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صدارتی انتخاب میں کل 3219 درست ووٹ تھے جن کی ویلیو 8,38,839 بنتی ہے۔ اس میں سے دروپدی مرمو کو کل 2161 ووٹ ملے جن کی ویلیو 5,77,777 ہے۔ اس کے ساتھ ہی سنہا کو کل 1058 ووٹ ملے جن کی ویلیو 2,61,062 ہے۔

راجیہ سبھا کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ گنتی کے تیسرے مرحلے میں کرناٹک، کیرالہ، مہاراشٹر، منی پور، میگھالیہ، میزورم، ناگالینڈ، اڈیشہ اور پنجاب کی ریاستوں میں کل 1333 درست ووٹ پڑے جن کی ویلیو 1,65,664 ہے۔. اس میں سے دروپدی مرمو کو 812 اور یشونت سنہا کو 521 ووٹ ملے۔

اس سے قبل گنتی کے دوسرے مرحلے میں پہلی 10 ریاستوں کے بیلٹ پیپرز کی گنتی حروف تہجی کے حساب سے کی گئی تھی۔ جس میں کل 1138 درست ووٹ تھے اور ان کی کل ویلیو 1,49,575 ہے۔ اس میں سے دروپدی مرمو کو 809 ووٹ ملے جن کی ویلیو 1,05,299 اور یشونت سنہا کو 329 ووٹ ملے جن کی ویلیو 44,276 تھی۔

Recommended