Urdu News

ڈی آر ڈی او نے ریکارڈ 45 دنوں میں سات منزلہ عمارت بنائی، وزیر دفاع نے کیا افتتاح

ڈی آر ڈی او نے ریکارڈ 45 دنوں میں سات منزلہ عمارت بنائی، وزیر دفاع نے کیا افتتاح

ڈی آر ڈی او نے بنگلورو میں ریکارڈ 45 دنوں میں سات منزلہ عمارت تعمیر کی ہے۔ عمارت کا استعمال پانچویں جنریشن ایڈوانسڈ میڈیم کمبیٹ ایئر کرافٹ(AMCA) کی  ملکیترقی کے لیے تحقیق کے لیے کیا جائے گا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو فلائٹ کنٹرول سسٹم(FCS) کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ ملک میں تعمیراتی صنعت کی تاریخ میں پہلی بار مستقل سات منزلہ عمارت 45 دنوں میں مکمل کر کے منفرد ریکارڈ قائم کر دیا گیا ہے۔

پروجیکٹ سے جڑے تمام لوگوں کو مبارکباد دیتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ یہ کسی معجزے سے کم نہیں ہے، کیونکہ اس طرح کے پروجیکٹ کو مکمل کرنے میں سالوں لگ جاتے تھے، لیکن ڈی آر ڈی او نے اسے صرف 45 دنوں میں مکمل کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ منصوبے کا سنگ بنیاد 22 نومبر 2021 کو رکھا گیا تھا اور 01 فروری 2022 کو تعمیر کا آغاز ہوا تھا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اس عمارت کا استعمال پانچویں جنریشن کے ایڈوانسڈ میڈیم کمبیٹ ایئر کرافٹ(AMCA) کے ایونکس تیار کرنے کے لیے کیا جائے گا۔ ایروناٹیکل ڈیولپمنٹ ایجنسی(ADA) کو پانچویں نسل کے لڑاکا طیاروں کے ڈیزائن کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ ایئر کرافٹ ریسرچ اینڈ ڈیزائن سینٹر (اے آر ڈی سی) نے اے ڈی اے کے تعاون سے اس لڑاکا طیارے کو ڈیزائن کیا ہے۔

وزیر دفاع نے افتتاح کرنے کے بعد کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسو راج بومائی اور ڈی آر ڈی او کے سربراہ جی ستیش ریڈی کے ساتھ عمارت کا معائنہ کیا۔ انہیں عمارت کے اندر ہی اس عمارت کی تعمیر کے منصوبے کے بارے میں  بتایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پارلیمنٹ کا اجلاس جاری ہے، مصروفیت کے باعث آنا مشکل تھا۔ اس کے باوجود میں نے سوچا کہ دہلی سے بنگلور کے فاصلے سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑے گا جب ہمارے سائنسدان، محققین اور عملہ ریکارڈ وقت میں سات منزلہ عمارت بنا سکتے ہیں۔ اس لیے میں اس پروگرام کا حصہ بن کر بہت خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سائنسدانوں کے تحقیقی کام کے لیے ان کی مسلسل مدد کر رہی ہے۔

Recommended