نئی دہلی۔11 فروری
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)نے جمعرات کو کہا کہ اس نے ایک ویب سائٹ – کیٹو ڈاٹ کامکے ذریعے مدد اور چیریٹی کے نام پر جمع کی گئی رقم کا مبینہ طور پرغلط استعمال کرنے کے الزام میں منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں صحافی رانا ایوب کے 1.77 کروڑ روپے ضبط کر لیے ہیں۔ای ڈی کے ایک اہلکار نے کہا کہ ایوب نے مبینہ طور پر فنڈز کا غلط استعمال کیا اور ذاتی اخراجات کے لیے انہیں دوسرے اکاؤنٹ میں منتقل کردیا۔
ای ڈی ذرائع نے بتایا کہ اس نے پہلے سے منصوبہ بند طریقے سے ڈونرز کو دھوکہ دیا۔اس نے 50 لاکھ روپے کا فکسڈ ڈپازٹ (ایف ڈی)کھولا تھا، یہ رقم ایک مہم کے ذریعے جمع کی گئی تھی، اور نیٹ بینکنگ کے ذریعے سیونگ اکاؤنٹ سے ایف ڈی میں ٹرانسفر کردی گئی تھی۔اس سے قبل، 28 اگست، 2021 کو، ایک وکاس سنکرتیان نے، ایوب کے خلاف غازی آباد پولیس میں شکایت درج کرائی تھی، جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ "اس نے چیریٹی کے نام پر عام لوگوں کو دھوکہ دیا"۔
ان کی شکایت پر عمل کرتے ہوئے 7 ستمبر 2021 کو اندرا پورم پولیس اسٹیشن میں ایوب کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ ان کے خلاف تعزیرات ہند (آئی پی سی( کی دفعہ 403، 406، 418، 420 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، جسے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کی دفعہ 66 ڈی کے ساتھ پڑھا گیا تھا۔رقوم رانا ایوب، اس کی بہن اور اس کے والد کے سیونگ اکاؤنٹس میں جمع کی گئیں۔ بعد میں، اس ایف آئی آر کی بنیاد پر، ای ڈی نے منی لانڈرنگ کی جانچ شروع کی۔