Urdu News

ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے

الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک

187 ارب  ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ پہلے نمبر پر

نئی دہلی، 28 فروری

 الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک ایک بار پھر دنیا کے امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔ بلومبرگ بلینیئر انڈیکس کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 187 ارب ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ مسک نے ایک بار پھر ارب پتیوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

بلومبرگ بلینیئر انڈیکس کے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ایلون مسک کی دولت میں صرف دو ماہ میں 50 ارب ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہوا ہے اور یہ 187ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر برنارڈ ارنالٹ ہیں جن کی دولت ایک سال میں 23.3 ارب ڈالر بڑھ کر 185 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

 ایمیزون کے بانی جیف بیزوس 117ارب  ڈالر کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں جبکہ بل گیٹس 114 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔ وارن بفے اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں جن کے اثاثے 106 ارب ڈالر ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ہندوستانی تاجر گوتم اڈانی جو دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص تھے چند دنوں میں 32ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ دراصل 24 جنوری کو امریکی مالیاتی تحقیقی کمپنی ہنڈنبرگ نے اڈانی گروپ پر ایک رپورٹ جاری کی تھی۔ اس کے بعد سے اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے شیئر منہ کے بل گر رہے ہیں۔

بھارتی بزنس مین مکیش امبانی دنیا کے امیر ترین افراد کی ٹاپ 10 فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل) کے چیئرمین مکیش امبانی 81.1 ارب ڈالر کی مجموعی مالیت کے ساتھ فہرست میں 10ویں نمبر پر ہیں۔ تاہم اس سال ان کی دولت میں بھی 6.02 بلین ڈالر کی کمی واقع ہوئی ہے۔

Recommended