Urdu News

موٹر گاڑی کے تصادم سے گاڑی کے مکینوں کی حفاظت میں بہتری

سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت

 نئی دہلی، 15 جنوری 2022:

سڑک نقل و حمل اور شاہراہوں کی وزارت نے ڈرائیوروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے، یکم جولائی 2019 کو اور اس کے بعد تیار کی جانےوالی زمرہ ایم1 کی تمام موٹر گاڑیوں (مسافر سواری والی موٹر گاڑیاں، جن میں ڈرائیور کی سیٹ کے علاوہ آٹھ سے زائد سیٹیں نہ ہوں) میں ڈرائیور بیگ کی سہولت موجود ہونے کو لازمی قرار دیا ہے۔ ایئر بیگ، ڈرائیور کے لیے موٹر گاڑی کے اندر موجود ایک ایسا حفاظتی نظام ہے جو تصادم کی صورت میں ڈرائیور اور گاڑی کے ڈیش بورڈ کے درمیان مداخلت پیدا کرکے سنگین چوٹیں آنے سے بچاتا ہے۔

اس کے بعد ، وزارت نے یکم جنوری 2022 سے تمام ایم 1 زمرے کی گاڑیوں میں ڈرائیور سیٹ کے علاوہ فرنٹ سیٹ پر بیٹھنے والے شخص کے لیے فرنٹ ایئر بیگ کی سہولت کو لازمی  قرار دیا ہے۔

موٹر گاڑی کے تصادم سے گاڑی کے مکینوں کی حفاظت میں بہتری لانے کے لیے، سینٹرل موٹر گاڑی قواعد (سی ایم وی آر)، 1989 میں ترمیم کرکے حفاظتی سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ 14 جنوری 2022 کو ایک ڈرافٹ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے تحت  یکم اکتوبر 2022 کے بعد تیار کی جانے والی ایم 1 زمرے کی گاڑیوں  میں آگے والی آؤٹ بورڈ سیٹوں پر بیٹھنے والے افراد میں سے ہر ایک کے لیے دو سائڈ / سائڈ ٹورسو ایئر بیگس اور آؤٹ بورڈ سیٹنگ پوزیشن پر بیٹھے افراد میں سے ہر ایک کے لیے دو سائڈ پردہ نما / ٹیوب ایئر بیگس لگانے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

’’سائیڈ/سائیڈ ٹورسو ایئر بیگ‘‘ گاڑیوں میں موجود غبارہ نما ایک ایسا حفاظتی نظام ہے جسے سیٹوں کے ساتھ یا پہلو میں گاڑی کے اندر مربوط کیا گیا ہے ، اور اس کا مقصد تصادم کے دوران آگے کی آؤٹ بورڈ سیٹوں پر بیٹھے افراد کی ، جسم کے اوپری حصے پر سنگین چوٹوں سے حفاظت اور ان کو باہر گرنے سے بچانا ہے۔

’’سائیڈ پردہ نما /ٹیوب ایئر بیگ‘‘ یعنی غبارے کی مانند ایک ایسا حفاظتی انتظام جو کہ موٹر گاڑی کے اندر کھڑکی سے مربوط ہوتا ہے اور اس کا مقصد گاڑی کے تصادم یا پلٹ جانے کی صورت میں آؤٹ بورڈ سیٹوں پر بیٹھے افراد کے سرمیں آنے والی  چوٹوں کو کم کرنا اور انہیں گاڑی سے باہر گرنے سے بچانا ہے۔

Recommended