نئی دہلی، 13 جولائی (انڈیا نیرٹیو)
وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کے روز ٹوکیو کے سفر پر جانے والے ایتھلیٹوں کے بارے میں کہا کہ ان میں ہر ایک کے زندگی کا سفر حوصلہ افزارہا ہے۔
وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا،”آج شام 5 بجے، میں اپنے ان ایتھلیٹوں کے ساتھ بات چیت کرنے کے منتظر ہوں جو ٹوکیو۔2020 میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے۔ ان میں سے ہر ایک کی زندگی کا متاثر کن رہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ وہ جو کچھ شیئر کریں وہ آپ سب کے لیے باعث دلچسپی ہوگا‘۔
حال ہی میں وزیر اعظم مودی نے من کی بات پر کچھ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزازندگی کے سفر پر تبادلہ خیال کیا۔ ساتھ ہی پورے ملک کو آگے آنے اور پورے دل سے ان کا ساتھ دینے کی بھی اپیل کی۔
آج شام کے پروگرام میں نوجوانوں کے امور اور کھیل کے وزیر انوراگ ٹھاکر اور سابق وزیر کھیل اور موجودہ وزیر قانون کیرن رجیجو شرکت کریں گے۔
واضح ہو کہ ہندوستان کے کل 126 ایتھلیٹ ٹوکیو جائیں گے، جو 18 مختلف کھیلوں میں حصہ لیں گے۔ یہ اب تک کا سب سے بڑا دستہ ہے جسے ہندوستان نے کسی بھی اولمپکس میں بھیجا ہے۔
ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) نے پہلے ہی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ آئندہ ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں باکسر میری کوم اور مینس ہاکی ٹیم کے کپتان من پریت سنگھ ہندوستانی دستے کے پرچم بردار ہوں گے۔ اختتامی تقریب میں پہلوان بجرنگ پنیا پرچم بردار ہوں گے۔ ہندوستانی دستہ 17 جولائی کو ٹوکیو کے لئے روانہ ہوگا۔ اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست تک جاری رہے گا۔