Urdu News

ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی شاندار کارکردگی، ایس پی سے چھینی اعظم گڑھ اور رام پور سیٹیں

ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی شاندار کارکردگی

آپ  کو پنجاب کی سنگرور لوک سبھا سیٹ پر بڑا جھٹکا ،تریپورہ میں بی جے پی نے تین اسمبلی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی، کانگریس نے ایک سیٹ جیتی ،وزیر اعلیٰ مانک ساہا بھی جیتے، کانگریس امیدوار کو ہرایا

ملک کی تین لوک سبھا سیٹوں اور چار ریاستوں کی سات اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخابات کے نتائج آ گئے ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ضمنی انتخابات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ اتر پردیش کی رام پور اور اعظم گڑھ لوک سبھا سیٹیں سماج وادی پارٹی (ایس پی) سے چھین لی   ہیں۔ رام پور سیٹ کو ایس پی لیڈر اعظم خان کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ بی جے پی نے اس افسانے کو توڑ دیا ہے۔ پنجاب کی سنگرور لوک سبھا سیٹ میں بڑی تبدیلی آئی ہے۔ شرومنی اکالی دل (امرتسر) کے امیدوار سمرن جیت سنگھ مان نے یہاں کامیابی حاصل کی ہے۔ تریپورہ میں وزیر اعلی ٰمانک ساہا ٹاؤن باردووالی اسمبلی سیٹ سے جیت گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اتر پردیش کی رام پور لوک سبھا سیٹ پر ایس پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہاں بی جے پی کے گھنشیام سنگھ لودھی نے ایس پی کے عاصم رضا کو شکست دی۔ بی جے پی امیدوار گھنشیام سنگھ لودھی کو 3,67,397 ووٹ ملے اور ایس پی کے عاصم رضا کو 3,25,205 ووٹ ملے۔ اعظم گڑھ میں بی جے پی کے دنیش لال یادو نرہوا کو 3,12,768 ووٹ ملے۔ ایس پی کے دھرمیندر یادو کو 3,04,089 ووٹ ملے، بی ایس پی کے گڈو جمالی کو 2,66,210 ووٹ ملے۔ نیرہوا نے اپنے قریبی حریف ایس پی کے دھرمیندر یادو کو 8,679 ووٹوں سے شکست دی۔ اعظم گڑھ اور رام پور لوک سبھا سیٹیں بالترتیب ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور ایس پی کے سینئر لیڈر اعظم خان کے استعفیٰ کی وجہ سے خالی ہوئی تھیں۔

پنجاب میں اسمبلی انتخابات میں زبردست اکثریت حاصل کرنے والی عام آدمی پارٹی اپنا میدان کھوتی نظر آرہی ہے۔ سنگرور لوک سبھا حلقہ سے شرومنی اکالی دل (امرتسر) کے سمرن جیت سنگھ مان 5,822 ووٹوں سے جیت گئے۔ بھگونت مان نے یہ سیٹ دو بار جیتی تھی۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بننے کے بعد انہوں نے لوک سبھا کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد یہاں ضمنی انتخاب ہوا۔

عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے دہلی کی راجندر نگر اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب میں ایک بار پھر اپنا جھنڈا لہرایا ہے۔ AAPامیدوار درگیش پاٹھک نے 11,468 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ درگیش پاٹھک کو کل 40,319 ووٹ ملے، جب کہ بی جے پی کے راجیش بھاٹیہ 28,851 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ کانگریس کو صرف 2,014 ووٹ ملے۔

حکمراں اتحاد کی شلپی نیہا ترکی، کانگریس کی مشترکہ امیدوار، نے جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی کے مانڈر اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب میں اپنے قریبی حریف بی جے پی کی گنگوتری کجور کو 23,517 ووٹوں سے شکست دی۔ شلپی نیہا ترکی کو 95,062 ووٹ ملے، جب کہ گنگوتری کجور کو 71,545 ووٹ ملے۔

حکمراں وائی ایس آر کانگریس نے آندھرا پردیش کی آتما کور سیٹ کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ ایم وکرم ریڈی نے بی جے پی کے اپنے قریبی امیدوار بھرت کمار کو 82,888 ووٹوں سے شکست دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی تریپورہ میں چار اسمبلی سیٹوں کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی نے تین اور کانگریس نے ایک سیٹ جیتی ہے۔ تریپورہ کے ٹاؤن بردووالی سیٹ سے بی جے پی امیدوار وزیر اعلیٰ مانک ساہا جیت گئے ہیں۔ انہوں نے 6,104 ووٹوں سے کامیابی حاصل کی ہے۔ یہاں کی جبراج نگر اور سورما سیٹیں بھی بی جے پی نے جیتی ہیں۔ اگرتلہ میں کانگریس امیدوار سدیپ رائے برمن جیت گئے ہیں۔

Recommended