Urdu News

فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی سات دن بعد ختم، حکومت کو 1.5 لاکھ کروڑ روپئے کا ریونیو موصول

فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی

5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے دوران جیو اور ایئر ٹیل میں سخت مقابلہ

ملک میں تیز رفتار انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کے لئے 5جی  اسپیکٹرم کی نیلامی پیر کو سات دن بعد ختم ہو گئی۔ حکومت نے 5 جی  کی نیلامی سے 1,50,173 کروڑ روپئے کمائے ہیں۔ اس کے لئے  آئیڈیا۔ووڈا فون، بھارتی ایئر ٹیل، ریلائنس جیو اور اڈانی گروپ کی کمپنی اڈانی ڈاٹا نیٹورکس  نے بولی لگائی ہے۔ اب حکومت 15 اگست سے پہلے کمپنیوں کو 5 جی اسپیکٹرم الاٹ کرے گی۔

5جی  اسپیکٹرم کی نیلامی کے لئے 7 دنوں میں بولی کے کل 40 راؤنڈ ہوئے تھے۔ ٹیلی کام اسپیکٹرم کی نیلامی کے اختتام پر حکومت کو 150,173 کروڑ روپئے  ریونیو ملا۔ ریلائنس جیو نے اسپیکٹرم کے لیے 80,000 کروڑ روپئے سے زیادہ کی سب سے بڑی بولی لگائی۔ اس کے بعد  دیگر کا نمبر آتا ہے۔

حکومت نے 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی سے 1.50 لاکھ کروڑ روپئے سے زیادہ کی کمائی کے پچھلے ریکارڈ کو توڑ دیا ہے۔ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم حکومت کی توقع سے کہیں زیادہ ہے۔ یہ 2010 کے بعد 2015 میں 4 جی اسپیکٹرم کی نیلامی سے حاصل ہونے والے 113,932 کروڑ روپئے سے کہیں زیادہ ہے۔

ٹیلی مواصلات کے محکمے نے 5 جی اسپیکٹرم نیلامی میں 4.3 لاکھ کروڑ روپئے کے 72 گیگا ہرٹز کے اسپیکٹرم بلاک لگائے تھے۔ اس کی میعاد 20 سال ہوگی۔ ملک میں 5 جی سروس متعارف ہونے سے انٹرنیٹ کی رفتار 4 جی  سے تقریباً 10 گنا زیادہ ہو جائے گی۔ چار بڑی ٹیلی کام موبائل کمپنیوں نے 5 جی اسپیکٹرم کے لئے 21,800 کروڑ روپے بطور پیشگی جمع کرائے ہیں۔

Recommended