Urdu News

جی 20 : وزیر اعظم مودی سربراہان مملکت کو انوکھے تحائف دینے کے بعد بھارت واپس

ہندوستانی تحائف، جو سربراہان ممکت کو پیش کیا گیا

امریکی صدر جو بائیڈن کو کانگڑا کی ایک چھوٹی پینٹنگ تحفے میں دی

انڈونیشیا کے شہر بالی میں جی -20 سربراہی اجلاس بدھ کو اپنے اختتام کو پہنچا۔ گزشتہ روز بھارت کو جی۔20 گروپ کے نئے چیئرمین کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔

بھارت واپسی سے قبل وزیراعظم نریندر مودی نے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے آنے والے سربراہان مملکت کو انوکھے تحائف پیش کئے۔ وزیر اعظم اگلے سال ہندوستان میں منعقد ہونے والی جی-20 چوٹی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے بالی سے دہلی روانہ ہوئے۔

جی-20 سربراہی اجلاس کے آخری روز انڈونیشیا کے صدرجوکو ویڈوڈو نے جی-20 کی قیادت بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو سونپ دی۔ ہندوستان یکم دسمبر سے باضابطہ طور پر جی-20 گروپ کی سربراہی کرے گا۔

وزیراعظم مودی نے جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے آنے والے رہنماؤں کو ہندوستانی ثقافت کی نشاندہی کرنے والے مختلف تحائف پیش کئے۔ انہوں نے ان تمام رہنماؤں کو اگلے سال ہندوستان میں منعقد ہونے والے جی-20 سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

مودی نے جی-20 گروپ کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین انڈونیشیا کے صدر جوکو ویدودو کو سورت میں بنی چاندی کی پیالی اور ہماچل پردیش کی ایک کنوری شال تحفے میں دی۔

وزیراعظم مودی نے برطانوی وزیراعظم رشی سنک کوگجرات کا ہاتھ سے بنا ہوا کپڑا دیا جسے مندر میں چڑھایا جاتا ہے۔ وزیراعظم مودی نے امریکی صدر جو بائیڈن کو کانگڑا کی ایک چھوٹی پینٹنگ تحفہ میں دی۔ اسی طرح آسٹریلیا کے وزیر اعظم کو’پتھوڑا’ پینٹنگ پیش کی۔ مودی نے اطالوی وزیر اعظم کو ایک ‘پٹن پٹولا دوپٹہ’ (اسکارف) تحفہ میں دیا۔

Recommended