یہ دورہ بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دفاعی تعاون اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا
متعدد اسٹریٹجک امور پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی ہم آہنگی اور تعاون میں اضافے کی توقع
بھارتی فوج کے سربراہ جنرل منوج پانڈے اتوار کو بنگلہ دیش کے تین روزہ دورے پر روانہ ہو گئے۔ بھارت کے ساتھ بنگلہ دیش کے بہترین دو طرفہ دفاعی تعلقات کو جاری رکھتے ہوئے، فوجی سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جنرل منوج پانڈے کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔ ان کے دورے کے دوران دوطرفہ دفاعی اور سیکورٹی تعاون کو مزید بڑھانے پر توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ کئی اسٹریٹجک امور پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور تعاون بڑھانے کے امور پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
بھارتی فوجی سربراہ نے 1971 کی بنگلہ دیش کی جنگ آزادی میں قربانیاں دینے والے شہدا کو گلہائے عقیدت پیش کرتے ہوئے دورے کا آغاز کیا۔ اس دورے کے دوران وہ اعلیٰ فوجی افسران سے ملاقاتیں کریں گے اور دفاع سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وہ دھان منڈی میں بنگلہ دیش کے بابائے قوم بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمن میموریل میوزیم میں بھی بنگلہ دیش کے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کریں گے۔
جنرل منوج پانڈے کی تینوں بنگلہ دیشی فوجوں کے سربراہوں کے ساتھ راست بات چیت کا امکان ہے اور وہ ملک کے سینئر رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے، حکام نے بتایا کہ اپنے دورے کے دوسرے روز وہ پیر کو ڈیفنس سروسز کمانڈ اینڈ سٹاف کالج میرپور میں طلباور فیکلٹی سے خطاب کریں گے۔ بنگلہ دیش کے وزیر خارجہ اے کے عبدالمومن نے تقریباً ایک ماہ قبل بھارت کا دورہ کیا تھا جس کے دوران دونوں فریقوں نے تیزی سے پھیلتے ہوئے تعلقات میں "اعتماد اور باہمی احترام" کی تعریف کی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ سال مارچ میں بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا اور بنگلہ بندھو شیخ مجیب الرحمن کی صد سالہ پیدائش اور بنگلہ دیش کی آزادی کی جنگ کے 50 سال مکمل ہونے کی تقریبات میں شرکت کی تھی۔