ایٹا نگر (اروناچل پردیش)، 23 جنوری ( انڈیا نیرٹیو)
آرمی چیف جنرل منوج پانڈے نے آج (پیر) اروناچل پردیش میں ہندوستان-چین سرحد پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہندوستانی فوجیوں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے ایل اے سی پر چین کو منہ توڑ جواب دیا۔
جنرل پانڈے نے اروناچل پردیش کے مشرق میں ایل اے سی کے ساتھ ملحقہ علاقے کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے سخت چوکسی برقرار رکھنے پر سپاہیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے سب کی حوصلہ افزائی کی اور لگن کے ساتھ نگہبان رہنے کی اپیل کی ۔
سرحد پر کمانڈنگ افسران نے آرمی چیف کو جنگی تیاریوں سے آگاہ کیا۔ فوجی سربراہ نے توانگ میں چینی فوجیوں کے ساتھ ہندوستانی فوج کی جھڑپ کے چھ ہفتے بعدریاست کا دورہ کیا ہے۔ اس سے قبل وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 3 جنوری کو توانگ کا دورہ کیا تھا۔ راج ناتھ نے بارڈر سیکورٹی آرگنائزیشن کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح بھی کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں چینی صدر شی جن پنگ نے لداخ کی ہند-چین سرحد پر تعینات اپنے فوجیوں کے ساتھ ویڈیو رابطے کے ذریعے جنگی تیاریوں کا جائزہ لیاتھا۔ آرمی چیف جنرل پانڈے کے اس دورے کو اسی کا جوابی حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔