راشٹرپتی بھون میں پدم ایوارڈزکی تقریب، معزز شہریوں کو اعزاز
نئی دہلی، 08 نومبر (انڈیا نیرٹیو)
پیر کو راشٹرپتی بھون میں پدم ایوارڈ تقسیم تقریب میں سابق وزیر دفاع جارج فرنانڈس کو بعد از مرگ پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔صدر رام ناتھ کووند نے یہ اعزاز ان کی اہلیہ لیلیٰ جارج کو پیش کیا۔ راشٹرپتی بھون کے تاریخی دربار ہال میں منعقدہ ایک شاندار تقریب میں صدر جمہوریہ نے سال 2020 کے لیے مختلف شعبوں میں بہترین کام کرنے والے 141 افراد کو اعزاز سے نوازا۔
صدر جمہوریہ نے سابق وزیر خارجہ سشما سوراج کو بعد از مرگ پدم وبھوشن سے نوازا۔ ان کی بیٹی کو یہ اعزاز حاصل ہوا۔ اس سلسلہ میں سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو بھی بعد از مرگ پدم وبھوشن سے نوازا گیا۔
صدر کووند نے چھنولال مشرا کو گلوکاری کے میدان میں ان کی بے مثال شراکت کے لیے پدم وبھوشن سے نوازا۔ اس سال سات مشہور شخصیات کو پدم وبھوشن سے نوازا گیا ہے۔ اس کے علاوہ 16 شخصیات کو پدم بھوشن اور 118 شخصیات کو پدم شری سے نوازا گیا۔
منگل کو صدر جمہوریہ 2021 کے لیے 119 لوگوں کو پدم ایوارڈز سے نوازیں گے۔ پدم ایوارڈ ملک کا سب سے بڑا شہری اعزاز ہے۔ یہ اعزاز تین زمروں میں دیئے جاتے ہیں – پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری۔ مختلف شعبوں مثلاً فنون، سماجی کام، عوامی امور، سائنس اور انجینئرنگ، تجارت اور صنعت، طب، ادب اور تعلیم، کھیل، سول سروس وغیرہ میں بہترین کارکردگی کے لیے ایوارڈ دیا گیا۔
' پدم وبھوشن ' اعزاز غیر معمولی اور ممتاز خدمات کے لیے دیا جاتا ہے اور ' پدم بھوشن ' ایوارڈ ایک اعلیٰ درجہ کی ممتاز خدمات کے لیے دیا جاتا ہے۔