اب غلام نبی آزاد نے اٹھایا قیادت کا مدعا، پارٹی کو دوبارہ زندہ رکھنے کے لیے مستقل قیادت ضروری

نئی دہلی،23نومبر(انڈیا نیرٹیو)

کانگریس پارٹی کے اندر جاری گھمسان کے درمیان ایک اور سینئر رہنما غلام نبی آزاد نے کسی کا نام لیے بغیر ہی اعلیٰ کمان پر حملہ بولا ہے۔ بہار الیکشن میں کانگریس پارٹی کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پارٹی کے کئی بڑے لیڈران کھل کر تنقید کررہے ہیں۔ اب پارٹی کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ بہار میں پارٹی کی کارکردگی کا الزام لیڈرشپ پر نہیں لگا رہے ہیں ، اس کے علاوہ انہوں نے پارٹی لیڈروں کے رویہ پر بھی سوالات اٹھائے۔

آزاد نے کہا کہ ہم سبھی شکستوں سے فکرمند ہیں ، خاص طور پر بہار اور ضمنی انتخابات کے نتائج سے۔ انہوں نے کہا کہ میں شکست کے لیے لیڈر شپ کو ذمہ دار نہیں مانتا ہوں ، ہمارے لوگوں نے زمینی سطح پر جڑاو کھودیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو پارٹی سے پیار ہونا چاہیے۔

اتنا ہی نہیں آزاد نے پارٹی کے لیڈروں کے رویہ پر بھی جم کر سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن فائیواسٹار کلچر سے نہیں جیتے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے لیڈروں کے ساتھ پریشانی یہ ہے کہ اگر انہیں پارٹی سے ٹکٹ مل جاتا ہے تو وہ پہلے فائیواسٹار ہوٹل بک کراتے ہیں۔ اگر روڈ خراب ہے تو وہ کہیں نہیں جاتے۔ آزاد نے کہا کہ جب تک فائیو اسٹار کلچر کو ختم نہیں کیا جاتا ہے ، کوئی بھی الیکشن نہیں جیت سکتا ہے۔