Urdu News

آفات کے عالمی اثرات بڑھ رہے ہیں، مربوط کوششیں ضروری: وزیراعظم

وزیر اعظم نریندر مودی

نئی دہلی، 04 اپریل ( انڈیا نیرٹیو)

 وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو ڈیزاسٹر ریسیلینٹ انفراسٹرکچر (سی ڈی آر آئی ) پر منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی سطح پر آفات کے بڑھتے ہوئے اثرات کے بارے میں آگاہ  کیا۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پوری دنیا نے اب متحد ہو کر اس سمت میں کوششیں شروع کر دی ہیں۔

وزیر اعظم نے آفات سے نمٹنے کے لیے مربوط ردعمل پر زور دیا اور کہا کہ سی ڈی آر آئی اس سمت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ترقی یافتہ معیشتیں اور ترقی پذیر معیشتیں، چھوٹے ممالک اور بڑے ممالک، عالمی شمالی اور عالمی جنوب اس پلیٹ فارم پر ایک ساتھ آرہے ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ چند سالوں میں 40 سے زائد ممالک سی ڈی آر آئی  کا حصہ بن چکے ہیں۔ اس طرح یہ کانفرنس ایک اہم پلیٹ فارم بن رہی ہے۔ یہ بات بھی حوصلہ افزا ہے کہ اس میں صرف حکومتیں شامل نہیں ہیں بلکہ عالمی ادارے اور نجی شعبہ بھی بڑا کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے بتایا کہ گزشتہ سال اعلان کردہ انفراسٹرکچر ریسیلینس ایکسلریٹر فنڈ نے ترقی پذیر ممالک میں بے پناہ دلچسپی پیدا کی ہے۔ یہ 50 ملین ڈالر کا فنڈ ہے۔

کانفرنس کے موضوع ’ڈلیورنگ ریسیلینٹ اینڈ انکلوسیو انفراسٹرکچر ‘‘پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انفراسٹرکچر کے معاملے میں کسی کو بھی پیچھے نہیں چھوڑا جانا چاہیے اور بحران کے وقت بھی لوگوں کی خدمت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سوشل  اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچربھی ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچرجتنا ہی اہم ہے ۔جی-20 میں بھی سی ڈی آر آئی سے متعلق ترجیحات کو ذہن میں رکھنے کی بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ اسے کئی ورکنگ گروپس میں شامل کیا گیا ہے۔

Recommended