Urdu News

حکومت ملک میں نیا دفاعی ماحولیاتی نظام تشکیل دے رہی ہے: وزیراعظم

حکومت ملک میں نیا دفاعی ماحولیاتی نظام تشکیل دے رہی ہے: وزیراعظم

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستانی مسلح افواج میں خود انحصارکے ہدف کو 21ویں صدی کے ہندوستان کے لیے بہت اہم قرار دیا اور کہا کہ آج ہم سب کی طاقت سے ایک نیا دفاعی ماحولیاتی نظام تیار ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے چار پانچ سالوں میں ہماری دفاعی درآمدات میں تقریباً 21 فیصد کمی آئی ہے اور ہم ایک بڑے دفاعی درآمد کنندہ سے بڑے برآمد کنندہ کی طرف تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔

وزیر اعظم پیر کواین آئی آئی او کے سیمینار ’سووالمبن‘ سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کے دوران وزیر اعظم نے پیر کو ہندوستانی بحریہ میں دیسی ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے’اسپرنٹ چیلنج‘کی نقاب کشائی کی۔وزیراعظم نے کہا کہ اب قومی سلامتی کو خطرات بھی بڑھ گئے ہیں، جنگ کے طریقے بھی بدل رہے ہیں۔ پہلے ہم اپنے دفاع کا تصور زمین، سمندر اور آسمان تک کرتے تھے۔ اب دائرہ خلا کی طرف بڑھ رہا ہے، سائبر اسپیس کی طرف بڑھ رہا ہے، اقتصادی، سماجی جگہ کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے بھارت عالمی سطح پر خود کو قائم کر رہا ہے، غلط اطلاعات،جھوٹی تشہیر کے ذریعے مسلسل حملے ہو رہے ہیں۔ اپنے آپ پر بھروسہ رکھتے ہوئے ہندوستان کے مفادات کو نقصان پہنچانے والی طاقتیں چاہے ملک میں ہوں یا بیرون ملک، ان کی ہر کوشش کو ناکام بنانا ہوگا۔ قومی دفاع اب سرحدوں تک محدود نہیں ہے بلکہ اس سے کہیں زیادہ وسیع ہے۔ اس لیے ہر شہری کو اس سے آگاہ کرنا یکساں ضروری ہے۔

اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستانی فوجوں میں خود انحصاری کا ہدف 21ویں صدی کے ہندوستان کے لیے بہت اہم ہے۔ ’آزادی کا امرت مہوتسو‘ کے دوران 75 دیسی ٹیکنالوجیز کا آغاز دفاع میں خود انحصاری کے ہمارے ہدف کی جانب ایک قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 75 مقامی ٹیکنالوجیز کی تیاری ایک طرح سے پہلا قدم ہے۔ ہمیں ان کی تعداد کو مسلسل بڑھانے کے لیے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مقصد یہ ہونا چاہئے کہ جب ہندوستان اپنی آزادی کے 100 سال کا جشن منائے، اس وقت ہماری بحریہ بے مثال بلندی پر ہو۔

Recommended