Urdu News

حکومت یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو واپس لانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے: وزیراعظم نریندرمودی

حکومت یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو واپس لانے کی ہرممکن کوشش کر رہی ہے: وزیراعظم نریندر مودی

نئی دہلی، 27 فروری (انڈیا نیرٹیو)

وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو کہا کہ ہندوستانی حکومت یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو واپس لانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آپریشن گنگا چلا کر ملک یوکرین میں پھنسے ہزاروں ہندوستانیوں کو واپس لا رہا ہے۔ حکومت ملک کے بیٹوں اور بیٹیوں کو مکمل سکیورٹی کے ساتھ گھر پہنچانے کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ ملک کے ہر شہری کی جان کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ دنیا میں کہیں بھی بحران کی صورت میں، ہندوستان نے اپنے شہریوں کی محفوظ واپسی کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔

وزیر اعظم نے آج اتر پردیش کے بستی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ وزیراعظم نے اس عرصے کے دوران عالمی صورتحال میں جغرافیائی سیاسی تبدیلیوں کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج وطن عزیز کے لیے ذات پات اور مسلک سے اوپر اٹھ کر قوم کو مضبوط کرنا بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کا دور ہر ہندوستانی کو یہ پیغام دے رہا ہے کہ ہندوستان کو زیادہ سے زیادہ طاقتور اور خود انحصار بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک کی افواج کو جدید بنانا اور معاشی طور پر خود کفیل بنانا بہت ضروری ہے۔ یہ کام خود غرض عناصر نہیں کر سکتے۔ وہ صرف اپنے خاندان کا سوچتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ دفاعی سودوں میں کمیشن کھانے کی تاریخ رکھتے ہیں۔ یہ لوگ فوجوں کی ضروریات کو نظر انداز کرتے رہے ہیں۔ ان لوگوں کے دل ان دہشت گردوں کے لیے دھڑکتے ہیں جنہوں نے ملک میں بم دھماکے کئے۔ یہ لوگ ملک کو بااختیار نہیں بنا سکتے۔

Recommended