نئی دہلی، 30 اکتوبر 2021:
مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی ایکٹ (مہاتما گاندھی این آر ای جی اے) دیہی علاقوں میں دیہی گھرانوں کے مطالبات کے لئے کم از کم 100 دنوں کے بقدر اجرت پر مبنی روزگار کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ جاری مالی برس کے دوران اب تک 222 کروڑ افرادی دنوں کے بقدر روزگار پیداکیا گیا ہے۔ جاری مالی برس کے دوران مجموعی طور پر 6 کروڑ سے زائد دیہی کنبوں کو ان کے مطالبات کے لئے اجرت پر مبنی روزگار فراہم کیا گیا ہے۔اجرت پر مبنی روزگار کے مجموعی مطالبات کے مقابلے میں 99.63 فیصد روزگار فراہم کرایا گیا اور روزگار کے لئے کی گئی پیشکش کے مقابلے میں مجموعی طور پر 87.35 فیصد مستفیدین اپنی مرضی کےمطابق کام کے لیے آئے ہیں۔
اجرت اور مٹیرئیل کے لیے فنڈ جاری کرنا ایک مسلسل جاری رہنے والا عمل ہے۔ بجٹی تخمینہ کے طور پر گذشتہ مالی برس کے دوران جاری کیے گئے سرمائے کے مقابلے میں جاری مالی برس کے دوران 18 فیصد زائد سرمایہ مختص کیا گیا۔ جاری مالی برس کے دوران، اب تک ریاستوں /مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اسکیم کے نفاذ کے لئے 63793 کروڑ روپئے سے زائد کے بقدر فنڈس جاری کیے جا چکے ہیں۔ فی الحال 8921 کروڑ روپئے کے بقدر فنڈس موجود ہیں جو اس موجودہ دستیابی کے مساوی مزدوری واجبات پورےکر سکتے ہیں۔
حکومت ہند ریاستوں کے ساتھ ساتھ مرکزی حکومت پر قابل اطلاق ایکٹ اور رہنما خطوط کی شرائط کے مطابق اسکیم کے بہتر نفاذ کے لئے اجرت اور مٹیرئیل ادائیگیوں کے سلسلے میں فنڈس جاری کرنے کے تئیں پابند عہد ہے۔ جب کبھی اضافی فنڈ کی ضرورت ہوتی ہے، وزارت خزانہ سے فنڈس کی فراہمی کے لئے درخواست کی جاتی ہے۔ گذشتہ مالی برس کے دوران، وزارت خزانہ نے اسکیم کے لئے 50000 کروڑ روپئے کے بقدر اضافی سرمایہ مختص کیا جو بی ای کے سرمائے سے زائد تھا۔
بے روزگاری بھتہ ان مستفیدین کے لئے قابل اطلاق ہے جنہوں نے روزگار کے لئے مطالبہ کیا اور مطالبہ کرنے کی تاریخ کے 15 دنوں کے اندر انہیں روزگار حاصل نہیں ہوا۔ روزگار کے تمام دیگر مطالبات جہاں مستفید نے پہلے ہی جاری مالی برس کے دوران 100 دن مکمل کر لیے ہیں یا وہ مستفید جس نے کام کے لیے مطالبہ کیا تھا لیکن مطالبہ کرنے کی تاریخ سے آئندہ 15 دن مکمل ہونے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہوگئی ، تو اس صورت میں وہ بے روزگاری بھتے کا مستحق نہیں ہوگا۔
زمرے کے لحاظ سے (درج فہرست ذات، درج فہرست قبائل اور دیگر) اجرت کی ادائیگی کا نظام، جسے جاری مالی سال سے نافذ کیا گیا ہے، کو مختلف آبادی والے گروپوں کے لئے سرمائے کی زمینی سطح پر فراہمی کو درست طریقے سے ظاہر کرنے کے لئے متعارف کرایا گیا ہے۔ اس نظام کو مزید ہموار بنانے کے لئے کام کیا جا رہا ہے۔