حکومت نے ٹویٹر سے کہا ،مبینہ کانگریس ٹول کٹ سے وابستہ ٹویٹس پرسے ٹیگ ہٹائیں
مرکزی حکومت نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر کے مبینہ طور پرکووڈ اور سینٹرل وسٹا کو لے کر حکومت کو نشانہ بنانے والے ٹول کٹ سے وابستہ کچھ لوگوں کے ٹویٹ پر ’ مینی پلیٹیڈ میڈیا‘(چھیڑ چھاڑ کی گئی معلومات) والا ٹیگ لگانے پر سخت اعتراض کیا ہے۔
وزارت الیکٹرانک اور آئی ٹی نے اپنے اس اعتراض سے ٹویٹر کو آگاہ کر دیا ہے۔ ساتھ ہی کہا ہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹیں کسی مضمون کی سچائی کو ثابت نہیں کرسکتی ہے ۔ یہ تفتیشی ایجنسیوں کا کام ہے اور معاملے پرتفتیش جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق ، وزارت نے ٹویٹر سے ایسے ٹیگ کو ہٹانے کو کہا ہے۔ اس نے سوشل میڈیا ویب سائٹ کو تحقیقات کے عمل میں مداخلت نہ کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔قابل ذکر ہے کہ بی جے پی قائدین کے ٹول کٹ معاملے پر ٹویٹ پر 'مینی پلیٹیڈمیڈیا' کا ٹیگ لگاہواہے۔ ٹویٹر اس کا استعمال لوگوں کو معلومات کی صداقت سے آگاہ کرنے کے لئے کرتا ہے۔
واضح ہو کہ حال ہی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنماوں ، کارکنوں اور مرکز میں وزرا نے کانگریس پر مرکزی حکومت کو بدنام کرنے کے لئے سوشل میڈیاسے متعلق ایکشن پلان یعنی ٹول کٹ کا استعمال کرنے کی بات کہی تھی۔ ان رہنماوں نے اس سے متعلق دستاویزات بھی شیئر کیے تھے۔دوسری طرف کانگریس نے اسے جھوٹا قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔