جی ایس ٹی کونسل نے میوکورمائکوسس کی دوا سمیت کووڈ اُنیس سے متعلق سامان پر عائد محصول 31 اگست تک ختم کردیا گیا ہے۔جی ایس ٹی کونسل نے میوکورمائکوسس کی دوا، ایمفو ٹیریسین۔بی کی درآمد پر، آئی-جی ایس ٹی محصول ختم کردیا ہے۔ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا کہ کونسل نے اپنی میٹنگ میں کل کووڈ سے متعلق سامان کے بارے میں کافی تفصیل سے تبادلۂ خیال کیا۔
وزیرِ خزانہ نے کہا کہ جی ایس ٹی کونسل نے بیرونِ ملک سے درآمد کئے جانے والے، کووڈ اُنیس سے متعلق مفت سامان پر آئی۔جی ایس ٹی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابھی تک آئی-جی ایس ٹی پر چھوٹ صرف اُس وقت دستیاب تھی، جب راحت سامان مفت درآمد کیا جارہا تھا۔ اِس چھوٹ میں 31 اگست تک توسیع دے دی گئی۔
وزیرِخزانہ نے کہا کہ ویکسین بنانے والی دو کمپنیوں کو 4 ہزار 500 کروڑ روپے پیشگی رقم کے طور پر ادا کردئے گئے ہیں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ ملک، ویکسین کےلیے، جاپان اور یوروپی یونین کی کمپنیوں سمیت سپلائرز اور مینوفیکچررز سے بات کررہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ سپلائی میں آئندہ مہینوں میں اضافہ کردیا جائے گا۔
وزیرِ خزانہ نے چھوٹے پیمانے پرGST ادا کرنے والوں کےلیے بھی راحت کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت انھیں ریٹرن داخل کرنے کےلیے کم لیٹ فیس ادا کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
سالانہ ریٹرن داخل کرنے کے عمل کو بھی آسان بنایا گیا ہے۔ کونسل نےCGST قانون میں ترمیم کی بھی سفارش کی ہے، جس کا مقصد مصالحت کے بیانات کے لیے، خود سر ٹیفکیٹ دینے کی اجازت دی گئی ہے۔ بجائے اِس کے کہ یہ سر ٹیفکیٹ کسی چارٹر اکاؤنٹنٹ سے لیا جائے۔