Urdu News

حج 2022کی تفصیلات: آن لائن درخواست اور دیگر معلومات کے لیے یہاں کلک کریں

مرکزی وزیرمختارعباس نقوی نے حج۔2022 کے لیےآن۔لائن درخواست دینے کا عمل شروع کیا

مرکزی وزیرمختارعباس نقوی نے حج۔2022 کے لیےآن۔لائن درخواست دینے کا عمل شروع کیا

دو برس بعد حج کے لیے روانہ ہوسکیں گے عازمین، آن لائن درخواست ہی قابل قبول

مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور اور ڈپٹی لیڈر، راجیہ سبھا مختار عبّاس نقوی کے ذریعہ نئی اصلاحات اور سہولیات کے ساتھ حج۔2022کے اعلان کے ساتھ ہی آج یکم نومبر سے حج۔2022 کے لیے آن۔لائن درخواست دینے کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

حج ہاؤس ممبئی میں حج۔2022 کا اعلان کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ مکمل حج کا عمل صد فیصد ڈیجیٹل / آن۔لائن ہو گا۔ حج۔2022کے لیے درخواست جمع کرنے کی آخری تاریخ 31 جنوری2022 رکھی گئی ہے۔ حج کے لیے درخواستیں، آن۔لائن اور جدید سہولیات پر مشتمل ”حج موبائل ایپ“ کے ذریعہ بھی کی جا سکیں گی۔ مختارعباس نقوی نے کہا کہ اِس بار ہندوستانی عازمینِ حج بھی ”ووکل فار لوکل“ کی حوصلہ افزائی کریں گے اور سوَدیشی سامان کے ساتھ عازمینِ حج لازمی سفر حج پر روانہ ہوں گے۔ اِس سے قبل چادر۔ تکئے۔ تولئے،  چھتری اور دیگر سامان، عازمینِ حج غیر ملکی زرِ مبادلہ میں سعودی عرب میں خریدتے تھے۔ اِس بار اِن میں زیادہ تر سوَدیشی سامان ہندوستانی رقم میں بھارت میں ہی خریدی جائیں گی۔ جہاں یہ سامان بھارت میں تقریباً پچاس (50) فیصد کم داموں پر ملیں گی، وہیں اِس سے سوَدیشی اور ”ووکل فار لوکل“ کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ یہ سبھی سامان عازمینِ حج کو ان کے متعیّنہ مراکزِ روانگی پر تقسیم کئے جائیں گے۔

مختارعباس نقوی نے کہا کہ دہائیوں سے عازمینِ حج یہ سبھی سامان غیر ملکی رقم میں سعودی عرب میں خریدتے تھے، مزے کی بات یہ ہے کہ اِن میں سے زیادہ تر سامان ”میڈ اِن اِنڈیا“ ہوتے تھے، جنھیں مختلف کمپنیاں بھارت سے خرید کر دوگنے، تین گنے داموں میں سعودی عرب میں حجّاجِ کرام کو دیتی تھیں۔ نقوی نے کہا کہ  ایک اندازے کے مطابق اِس انتظام سے عازمینِ حج کو کروڑوں روپئے کی بچت ہو گی۔ بھارت سے دو لاکھ عازمینِ حج ہر برس سفرِ حج پر روانہ ہوتے ہیں۔جناب نقوی نے کہا کہ سفرِ حج کے خواہشمند افراد کے انتخاب کا عمل کورونا وائرس کی دونوں ویکسین کی دونوں خوراک لئے جانے اور بھارت اور سعودی عرب کی حکومتوں کے ذریعہ حج۔ 2022ء کے اوقات طے کئے جانے والے کورونا پروٹوکال، ہدایات اور قواعد وَ ضوابط کے تحت ہو گا۔ ساتھ ہی حج۔ 2022ء کے پورے عمل کو  مزید آسان۔ قابلِ رسائی اور شفّاف بنایا گیا ہے۔

مرکزی وزیر نقوی نے کہا کہ حج۔2022کا تمام عمل، سعودی عرب کی حکومت اور حکومتِ ہند کے ذریعہ طے کئے جانے والے معیار، عمر کے معیار، صحت کی حالت اور دیگر لازمی ہدایات کے مطابق کیا جا رہا ہے۔ عوام کی صحت، حفاظت کو اوّلیّت دیتے ہوئے اور وزارت برائے اقلیّتی امور، وزارت برائے حفظانِ صحت، وزارت برائے امورِ خارجہ، وزارت برائے شہری ہوابازی، حج کمیٹی آف انڈیا، سعودی عرب میں ہندوستانی سفارت خانہ، جدّہ میں ہندوستانی قونصل جنرل وغیرہ کے مابین گہری مشاورت کے بعد حج۔ 2022 کے پورے عمل کا خاکہ طے کیا گیا ہے۔ نقوی نے کہا کہ ”حج موبائل ایپ“ کو اَپ گریڈ کیا گیا ہے۔ اِس کا ٹیگ لائن ”حج ایپ اِن یور ہینڈ“ ہے۔ ”حج موبائل ایپ“ میں درخواست فارم اور اس کو بھرنے کی مکمل معلومات، درخواست فارم بھرنے کے عمل کا ویڈیو وغیرہ بھی موجود ہے۔ مختارعباس نقوی نے کہا کہ حج۔2022کے لیے اکّیس (21) کی جگہ دس (10) مراکزِ روانگی طے کئے گئے ہیں جِن میں احمدآباد، بنگلورو، کوچّی، دِلّی، گواہاٹی، حیدرآباد، کولکاتہ، لکھنؤ، ممبئی اور سری نگر شامل ہیں۔

احمدآباد مرکزِ روانگی سے گجرات کے عازمینِ حج، بینگلورو مرکزِ روانگی سے کرناٹک اور آندھرا پردیش کے چِتّور ضلع کے عازمینِ حج، کوچّی مرکزِ روانگی سے کیرل، لکش دیپ، پدو چیری، تملناڈو، انڈمان اور نِکوبار کے عازمینِ حج، دِلّی مرکزِ روانگی سے  دِلّی، پنجاب، ہریانہ، ہماچل پردیش، چنڈی گڈھ، اتّراکھنڈ، مغربی اتر پردیش اور راجستھان کے عازمینِ حج، سفرِ حج 2022ء پر جا سکیں گے۔ گواہاٹی مرکزِ روانگی سے آسام، میگھالیہ، منی پور، ناگا لینڈ، اروناچل پردیش اور سِکّم کے عازمینِ حج، حیدرآباد مرکزِ روانگی سے آندھرا پردیش  اور تیلنگانہ کے عازمینِ حج، کولکاتہ مرکزِ روانگی  سے مغربی بنگال، اوڈیشہ، تری پورہ، جھار کھنڈ اور بہار کے عازمینِ حج، سفر حج۔2022 پر جا سکیں گے۔

لکھنؤ مرکزِ روانگی سے مغربی اتّر پردیش کو چھوڑ کر پورے اتر پردیش کے عازمینِ حج، ممبئی مرکز روانگی  سے مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، چھتّیس گڈھ، دمن اور دیو، دادرا اور نگر حویلی، اور گوا کے عازمینِ حج اور سری نگر مرکزِ روانگی سے جمّوں۔ کشمیر، لیہہ۔ لدّاخ کے عازمینِ حج، سفرِ حج۔2022پر جا سکیں گے۔جناب نقوی نے کہا کہ سبھی عازمینِ حج کو ڈیجیٹل ہیلتھ کارڈ، ”اِی۔ مسیحا“ صحت کی سہولت، مکّہ۔مدینہ میں قیام / رہائش کی عمارتوں  ٹرانسپورٹیشن کی معلومات بھارت میں ہی فراہم کرانے والی ”اِی۔ ٹیگنگ“ کی سہولت بھی دی جائے گی۔ بھارت اور سعودی عرب میں حج۔2022کے لئے سفرِ حج پر جانے والے افراد کے لئے کورونا پروٹوکال اور ہیلتھ  اور ہائی جین کے متعلّق مخصوص تربیت کا انتظام کیا گیا ہے۔مختارعباس نقوی نے کہا کہ بغیر ”محرم“ (مرد رشتہ دار) کے تقریباً تین ہزار سے زیادہ خواتین نے حج 2020-21ء کے لئے درخواست دی تھی۔ بغیر  ”محرم“ سفرِ حج کے لئے جن خواتین نے حج 2020 اور 2021ء کے لئے درخواست دی تھی، ایسی تمام خواتین کی  درخواستیں، حج۔2022ء کے لئے بھی قابلِ قبول ہوں گی۔ بغیر ”محرم“ کے حج پر روانہ ہونے والی سبھی خواتین کو بغیر قرعہ اندازی (لاٹری) کے حج پر جانے کا انتظام کیا گیا ہے۔حج۔2022 کے اعلان کے موقع پر مرکزی وزارت برائے اقلیّتی امور کی جوائنٹ سکریٹری محترمہ نگار فاطمہ حسین، ممبئی میں سعودی عرب کے رائل وائس قونصل جنرل ہِز ایکسیلینسی محمد عبدالکریم ال۔اینازی، حج کمیٹی آف اِنڈیا کے چیف اگزیکیوٹیو آفیسر محمد یعقوب شیخ اور دیگر اعلیٰ افیسران موجود تھے۔

Recommended