Urdu News

ہماچل بہادروں کی سرزمین،میں نے یہاں کی روٹی کھائی،قرض بھی چکانا ہے: نریندر مودی

وزیر اعظم نے آئی آئی ٹی اونا کو قوم کے نام وقف کیا

ڈبل انجن والی حکومت نے ہماچل کی ترقی کی کہانی کو نئی جہت دی

شملہ، 05 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)

 وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ایک طویل عرصے سے ملک میں ترقی کو لے کر ایک  ناقص  سوچ حاوی ہے۔ ملک میں بہترین سڑکیں، بڑے اسپتال، تعلیمی ادارے اور بڑی صنعتیں صرف بڑے شہروں تک محدود تھیں۔

اس  ناقص سوچ کی وجہ سے ترقی کا عدم توازن پیدا ہوا۔ ملک کا ایک بڑا حصہ بالخصوص پہاڑی علاقوں کے لوگ عرصہ دراز تک تکلیف اور محرومی میں زندگی گزار رہے تھے۔

گزشتہ آٹھ سالوں میں ملک اس پرانی سوچ کو پیچھے چھوڑ کر ایک نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ مرکز کی بی جے پی حکومت نے اس  ناقص سوچ کو بدل کر ہر ریاست کی مساوی ترقی کو یقینی بنایا ہے۔

وزیر اعظم مودی بدھ کو ہماچل پردیش کے بلاس پور کے لوہنو میدان میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے لوہنو میدان سے ریاست کے لیے 3650 کروڑ کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا ورچوئل افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ ان میں 1470 کروڑ کی لاگت سے بنایا گیا ایمس بلاسپور   بھی شامل ہے۔

اپنے خطاب میں وزیر اعظم نے وجے دشمی پر ہم وطنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وجے دشمی کا یہ تہوار پانچ منتوں پر چلنے کی نئی توانائی دے گا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں ہماچل کی ترقی کے سفر میں شریک سفر ہونے کا موقع ملا ہے اور آج بلاس پور کو تعلیم اور صحت کا دوہرا تحفہ ملا ہے۔ وزیر اعظم نے ہماچل میں ترقیاتی کاموں کو عوام کے ووٹ کی طاقت قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے آٹھ سالوں میں ڈبل انجن والی حکومت نے ہماچل میں ایمس سمیت تعلیم اور صحت سے متعلق کئی بڑے ادارے کھولے ہیں۔

Recommended