نئی دہلی : راجدھانی دہلی میں کورونا وائرس انفیکشن کے پیش نظر بازاروں پر سے وقت کی پابندی ہٹادی گئی ہے ۔ پیر سے سبھی بازار معمول کے وقت کے مطابق کھلیں گے۔ وزیراعلی اروند کیجریوال نے ہفتہ کو ٹویٹ کرکے کہا کہ ابھی تک کورونا بحران کے سبب دہلی کے بازاروں کو سات آٹھ بجے تک کھلنے کی اجازت تھی۔ کورونا انفیکشن کے کم ہوتے معاملات کی وجہ سے پیر سے وقت کی حد ہٹائی جارہی ہے۔ اب بازار اپنے وقت کے مطابق کھل سکیں گے ۔
اس سے قبل دکانیں 8 بجے تک کھولنے کی اجازت دی گئی تھی ۔ کورونا کے معاملات کم ہونے کے سبب کئی تنظیموں کی جانب سے یہ مطالبہ ہورہا تھا کہ دکانیں معمول کے مطابق کھولنے کی اجازت دی جائے ۔ دہلی حکومت نے اس سے قبل 9 اگست کو ہفتہ وار بازاروں پر نافذ پابندی ہٹادی تھی۔ اب سبھی ہفتہ وار بازار پہلے کی طرح کھل رہے ہیں ۔ کورونا انفیکشن کو روکنے کے احتیاطی طریقوں کے پیش نظر 9 اگست سے قبل ایک زون مین صرف ایک مقام پر ہفتہ وار بازار ہی کھولنے کی اجازت تھی ۔
ملک میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز میں گراوٹ
خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکت خیز کورونا وائرس کے نئے کیسز کے مقابلے میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے ایکٹیو کیسز دو ہزار سے گھٹ کر 3.61 لاکھ رہ گئے ہیں۔ دریں اثنا جمعہ کو ملک میں 36 لاکھ 36 ہزار 43 افراد کو کورونا کی ویکسین دی گئی اور اب تک 57 کروڑ 61 لاکھ 17 ہزار 350 افراد کو ویکسین دی جا چکی ہے۔
ہفتہ کی صبح مرکزی وزارت صحت کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 34،457 نئے کیسز کی رپورٹ کے ساتھ ملک کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 3 کروڑ 23 لاکھ 93 ہزار 286 ہوگئی ہے۔ اسی دوران 36 ہزار 347 مریضوں کی صحت یابی کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی کل تعداد تین کروڑ 15 لاکھ 97 ہزار 982 ہو گئی ہے۔