Urdu News

آئی ایم اے: ہندوستانی فوج کو ملے اور319 جانباز

آئی ایم اے: ہندوستانی فوج کو ملے اور319 جانباز

صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے پریڈ کی سلامی لی

سی ڈی ایس بپن راوت کی موت کی وجہ سے منعقد ہوئی سادہ تقریب

مجموعی طور پر 387 کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے، 68 دوست ممالک کے جوان نوجوان فوجی افسران

انڈین ملٹری اکیڈمی (آئی ایم اے) میں  ہفتہ کے روز سخت تربیت کے بعد پاسنگ آوٹ پریڈ (پی او پی)کی حتمی رکاوٹ کو عبور کرتے ہوئے  319 نوجوان افسر لیفٹیننٹ کے طور پر سرحد کی نگہبانی کے لئے ہندوستانی فوج کا لازمی جز بن گئے۔ بطور ریوونگ  افسر صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے جنٹلمین کیڈٹس کی سلامی لی۔

پریڈ میں سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کو شرکت کرنی تھی۔ ان کی اچانک وفات کے بعد پریڈ کے دوران ڈرل اسکوائر پر سادگی کے ساتھ مارچ پاسٹ، ایوارڈس کی تقسیم، پیپنگ اور حلف برداری کی رسم کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ سی ڈی ایس کی موت کے بعد اتراکھنڈ حکومت نے ریاست میں تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔

اس بار مجموعی طور پر 387 جنٹلمین کیڈٹس پاس آؤٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے 68 نوجوان فوجی افسران کا تعلق نو دوست ممالک سے ہے۔ کورونا انفیکشن کے پیش نظر اس بار بھی پریڈ کے دوران ہر سطح پر انتہائی مستعدی  برتی گئی۔

 ہفتہ کی صبح آئی ایم اے کی تاریخی چیٹ ووڈ بلڈنگ کے سامنے ڈرل اسکوائر پر پاسنگ آؤٹ پریڈکا بطور ریوونگ افسر صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے پریڈ کا مشاہدہ کرپاس آوٹ جنٹلمین کیڈٹس سے سلامی لی۔ پریڈ کے بعد منعقد ہونے والی پیپنگ اور حلف برداری کی تقریب کے بعد پاس آوٹ بیچ کے 387 جنٹلمین کیڈٹس لیفٹیننٹ کے طور پر ہندوستانی اور غیر ملکی فوج کا لازمی جز بن گئے۔ ان میں سے 319 نوجوان فوجی افسران ہندوستانی فوج کو ملے ہیں۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے جنٹلمین کیڈٹس کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے بہتر مستقبل کے لیے ملک کی سلامتی کا پیغام دیا۔

اس موقع پر گورنر لیفٹیننٹ جنرل گرمیت سنگھ (ریٹائرڈ)، آئی ایم اے کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل ہریندر سنگھ، وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، ڈپٹی کمانڈنٹ میجر جنرل آلوک جوشیسمیت کئی سینئر فوجی افسران اور کیڈٹس کے رشتہ دار بھی موجود تھے۔

پریڈ کا عمل صبح تقریباً 9 بجے شروع ہوا۔ صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے ساڑھے دس بجے پریڈ کا مشاہدہ  کیا۔ اس دوران ثابت قدم قدموں اور شاندار مشقوں کے ساتھ جنٹلمین کیڈٹس نے آرمی بینڈ کی دھن پر مارچ کیا اور حب الوطنی کے ترانوں پر ملک کے لیے مرمٹنے کا حلف لیا۔ ان کا نظم و ضبط اور سخت تربیت قابل دید تھی۔ چوڑے سینوں کے ساتھ، کیڈٹس کا ہر قدم تربیت کی مشکل ثابت قدمی کا مظاہرہ کر رہا تھا۔

اس بار پاس آوٹ ہوئے  کیڈیٹس میں سب سے زیادہ اتر پردیش سے 45 ہیں جبکہ  اتراکھنڈ 43، ہریانہ 34، بہار 26، راجستھان 23، پنجاب 22، مدھیہ پردیش 20، مہاراشٹرا 20، ہماچل پردیش 13، جموں کشمیر 11، دہلی 11، تمل ناڈو 7، کرناٹک 6، کیرالہ 5، آندھرا پردیش 5، چنڈی گڑھ 5، جھارکھنڈ 4، مغربی بنگال 3، تلنگانہ 3، منی پور 2، گجرات 2، گوا 2، اڈیشہ 2، آسام 2، میزورم 2، چھتیس گڑھ 2شامل ہیں۔

پاسنگ آؤٹ ہونے والوں میں اتحادی ممالک کے 68 نوجوان فوجی افسران تھے۔ ان میں افغانستان سے 40، بھوٹان سے 15، تاجکستان سے 5، سری لنکا کے 2، نیپال سے 1، مالدیپ سے  1، میانمار سے  1، تنزانیہ سے  1، ویتنام سے  1 اور ترکمانستان سے  1 کیڈٹ پاسنگ آؤٹ پریڈ کے حصہ تھے۔

واضح ہو کہ 1971 کی پاک بھارت جنگ میں بھارتی مسلح افواج کی فتح کے پچاس سال مکمل ہونے کے موقع پر منعقد ہونے والی پریڈ کی یاد میں کئی دن پہلے سے تیاریاں کی جا رہی تھیں لیکن دو دن پہلے تمل ناڈو کے کنور میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف(سی ڈی ایس) جنرل بپن راوت، ان کی اہلیہ مدھولیکا راوت سمیت 13 آرمی اور ایئر فورس کے افسران اور جوانوں کی موت کے بعد پروگرام کو تبدیل کرنا پڑا۔

Recommended