Urdu News

بنگلہ دیش میں صدر کووند کا شاندار استقبال، ریڈ کارپٹ بچھایا گیا

بنگلہ دیش میں صدر کووند کا شاندار استقبال، ریڈ کارپٹ بچھایا گیا

صدرجمہوریہ ہند رام ناتھ کووند کا بدھ کے روز ڈھاکہ میں سرخ قالین بچھا کر استقبال کیا گیا۔ وہ تین روزہ سرکاری دورے پر بنگلہ دیش پہنچے ہیں

صدر رام ناتھ کووند، ان کی اہلیہ سویتا کووند اور بیٹی سواتی کووند ایک سرکاری وفد کے ساتھ ایئر انڈیا ون کی پرواز سے ڈھاکہ پہنچے۔ ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صدر عبدالحامد نے اہلیہ راشدہ خانم کے ہمراہ ان کا استقبال کیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے ٹویٹ کیا، "ایک شاندار آغاز۔ ایک خصوصی اندازمیں۔۔۔ صدر محمد عبدالحامد اور خاتون اوّل راشدہ نے صدر کووند اور خاتون اول سویتا کووند کا ڈھاکہ پہنچنے پر خیرمقدم کیا۔ صدر کووند کو گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔

باگچی نے کہا کہ صدر کووند نے قومی شہدا کی یادگار پر بنگلہ دیش کی آزادی کی جدوجہد کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر جمہوریہ ہند نے لکھا کہ’مکتی سنگرام کے اصولوں کو تعبیر کرنے کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دینے والوں کا جذبہ ہمارے خیالات اور  اعمال کی رہنمائی کرتارہے‘۔

اس کے بعد صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بنگ بندھو میموریل میوزیم کا دورہ کیا اور بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمن کو خراج عقیدت پیش کیا۔

واضح ہو کہ صدر رام ناتھ کووند بدھ کو بنگلہ دیش کے تین روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے۔ کووڈ-19 وبا کے پھیلنے کے بعد صدر کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔

15 سے 17 دسمبر تک اپنے دورے کے دوران صدر کووند کئی پروگراموں میں حصہ لیں گے جن میں مجیب شاتو برسو کی خصوصی تقریبات اور بنگلہ دیش کی جنگ آزادی کی 50 ویں سالگرہ کے موقع پر یوم فتح کی تقریبات میں شرکت شامل ہے۔

صدر کی روانگی سے ایک دن قبل خارجہ سکریٹری ہرش وردھن شرنگلا نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ صدر رام ناتھ کووند بنگلہ دیش کے صدر عبدالحمید کے ساتھ وفد کی سطح پر بات چیت کریں گے۔ اس کے علاوہ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ اور وزیر خارجہ ڈاکٹر اے کے عبدالمومن بھی صدر کووند سے ملاقات کریں گے۔

صدر کے وفد میں ریاستی وزیر تعلیم سبھاش سرکار اور رکن اسمبلی راجدیپ رائے بھی شامل ہیں۔ سال 2021 بنگلہ دیش کی آزادی کا گولڈن جوبلی سال اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ ہے۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات ہمیشہ کی طرح کثیر جہتی اور قریبی دوستی کے ہیں۔ دوطرفہ تعلقات میں کوئی دراڑ نہیں آئی۔

قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلہ دیش کی آزادی کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لیے اس سال 26 سے 27 مارچ تک بنگلہ دیش کا سرکاری دورہ کیا تھا۔ اس موقع پر بابائے قوم، بنگ بندھو شیخ مجیب الرحمن کی صد سالہ پیدائش اور ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ منائی گئی۔ آج سے 50 سال پہلے 16 دسمبر کو ہی بھارتی فوج اور مکتی باہنی نے بنگلہ دیش کو پاکستانی فوج سے آزاد کرایا تھا۔

Recommended