Urdu News

کوویڈ کے جائزہ اجلاس میں وزیر اعظم نے سخت نگرانی رکھنے کا دیا مشورہ

وزیر اعظم نریندر مودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو صحت عامہ کی صورتحال اورکوویڈ 19 سے نمٹنے کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی۔

میٹنگ میں وزیر اعظم نے کووڈ سے متعلق کسی بھی قسم کی لاپرواہی کے خلاف خبردار کیا اور وبا پر کڑی نظر رکھنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ خاص طور پر بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر جاری نگرانی کے اقدامات کو مضبوط بنائیں۔

وزیر اعظم نے جینوم کی ترتیب اور جانچ کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے مضبوط نگرانی کی ضرورت پر زور دیا۔ ریاستوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ اسپتال کے بنیادی ڈھانچے کی آپریشنل تیاری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مناسب انسداد کوویڈ رویہ بشمول ماسک پہننا ضروری ہے۔

بوڑھے اور کمزور صحت والے افراد کو احتیاطی خوراک کے ساتھ ٹیکہ لگایا جانا چاہیے۔ وزیراعظم نے فرنٹ لائن ورکرز اور کورونا وارئرز کی بے لوث خدمات کو سراہا۔

وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق، مختلف ممالک میں بڑھتے ہوئے کیسوں سمیت عالمی کوویڈ19 کی صورتحال پر ایک جامع پریزنٹیشن ہیلتھ سکریٹری اور ممبر، نیتی آیوگ نے پیش کی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ بھارت میں کیسز میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے۔ اوسط یومیہ کیسز کم ہو کر 153 پر آ گئے ہیں اور ہفتہ وار مثبت شرح 0.14 فیصد پر آ گئی ہے۔ تاہم گزشتہ 6 ہفتوں سے عالمی سطح پر روزانہ اوسطاً 5.9 لاکھ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔وزیر اعظم نے اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا کہ کووڈ انفراسٹرکچر، آلات، عمل اور انسانی وسائل ہر سطح پر پوری طرح تیار رہیں۔

Recommended