وزیر اعظم میوزیم میں نہرو سے لے کر منموہن سنگھ تک تمام 14 وزرائے اعظم کی کارکردگی کی نمائش
وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو 271 کروڑ روپئے کی مالیت سے بنائے گئے وزیر اعظم میوزیم کا افتتاح کیا۔ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو سے لے کر سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ تک تمام 14 وزرائے اعظم کی کارکردگی کو یہاں دکھایا گیا ہے۔
اس میوزیم میں ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کو ادارہ ساز کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ پہلے اسے نہرو میوزیم کہا جاتا تھا، اب اسے نئے سرے سے تیار کیا گیا ہے اور اس میں ملک کے تمام سابق وزرائے اعظم سے جڑی یادیں اور ان کے تعاون کو دکھایا گیا ہے۔
وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے سابق پرنسپل سکریٹری اور نہرو میموریل میوزیم اور لائبریری کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین نریپیندر مشرا کے مطابق عمارت کو بنانے میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیا ہے کہ بغیر کسی امتیاز کے ہر وزیر اعظم کی کارکردگی کی بہتر انداز میں نمائش کی گئی ہو۔ اس میوزیم میں وزیر اعظم نہرو سے لے کر منموہن سنگھ تک تمام وزرائے اعظم کی زندگیوں، کاموں اور شراکت کو دکھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بھی دیگر جمہوری اقدار کو اجاگر کیا گیا ہے۔
ملک کے تمام 14 سابق وزرائے اعظم کا حصہ میوزیم میں محفوظ کیا گیا ہے۔ ان میں جواہر لعل نہرو، گلزاری لال نندا، لال بہادر شاستری، اندرا گاندھی، مرارجی دیسائی، چودھری چرن سنگھ، راجیو گاندھی، وشوناتھ پرتاپ سنگھ، چندر شیکھر، پی وی نرسمہا راؤ، اٹل بہاری واجپائی، ایچ ڈی دیوے گوڑا، ندر کمار گجرال، منمو سنگھ شامل ہیں۔
میوزیم کے لئے معلومات پرسار بھارتی، دور درشن، فلم ڈویڑن، سنسد ٹی وی، وزارت دفاع، میڈیا اداروں (ہندوستانی اور غیر ملکی)، غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں سے حاصل مواد جمع کی گئی ہیں۔ محفوظ شدہ دستاویزات (جمع شدہ کام اور دیگر ادبی کام، اہم خط و کتابت) کو بھی یکجا کیا گیا ہے۔
عجائب گھر میں وزرائے اعظم کی ذاتی اشیا، تحائف اور یادداشتیں (اعزاز، تمغے، یادگاری ڈاک ٹکٹ، سکے وغیرہ)، وزرائے اعظم کی تقاریر اور نظریات اور وزیر اعظم کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کی بھ نمائش کی گئی ہے۔