نئی دہلی، 15 فروری
برٹش براڈکاسٹر کارپوریشن (بی بی سی) کے دہلی اور ممبئی دفاتر میں محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم بدھ کو دوسرے دن بھی کارروائی کرتی رہی۔ محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم گزشتہ 21 گھنٹوں سے بی بی سی کے دفاتر میں چھان بین کر رہی ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ انکم ٹیکس یہ سرچ آپریشن بی بی سی کے دفتر میں انٹرنیشنل ٹیکسیشن اور ٹرانسفر پرائسنگ میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے کر رہا ہے۔
یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ محکمہ انکم ٹیکس کی سروے مہم تین دن تک جاری رہے گی۔ تاہم محکمہ انکم ٹیکس نے اس معاملے میں کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔
دریں اثنا، بی بی سی نے ایک ای میل جاری کی جس میں اپنے عملے کو تحقیقات میں تعاون کرنے کی ہدایت کی گئی۔ ساتھ ہی ملازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ ذاتی آمدنی کے بارے میں معلومات دینے سے گریز کریں۔
منگل کو محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم نے بی بی سی کے دہلی اور ممبئی سمیت کچھ دیگر مقامات پر تلاشی مہم شروع کی۔ محکمہ انکم ٹیکس نے فی الحال اس کی تفصیلی جانکاری نہیں دی ہے لیکن جلد ہی اس کی باضابطہ اطلاع دی جائے گی۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں بی بی سی نے 2002 کے گجرات فسادات اور وزیر اعظم نریندر مودی سے متعلق ایک دستاویزی فلم بنائی تھی جس پر مرکزی حکومت نے پابندی لگا دی تھی۔ بی بی سی نے اس دستاویزی فلم کو ‘انڈیا: دی مودی کویسچن’ کے نام سے دو حصوں میں تیار کیا ہے۔