Urdu News

بھارت نے 2014 کے بعد ٹی بی کے خلاف نئی سوچ اور نقطہ نظر کے ایک ساتھ کام کیا: وزیر اعظم مودی

وزیراعظم نریندر مودی

 

وارانسی / نئی دہلی ، 24 مارچ (انڈیا نیرٹیو)

وزیراعظم نریندر مودی نے تپ دق (ٹی بی) کے خلاف عوامی شراکت داری کو بھارت کی ایک بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ 2014 کے بعد ہندوستان نے جس طرح نئی سوچ اور نقطہ نظر کے ساتھ ٹی بی کے خلاف کام کرنا شروع کیا وہ بے مثال ہے۔ ٹی بی کے خلاف عالمی جنگ میں اسے ایک نیا ماڈل قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو یہ جاننا چاہئے۔

وزیر اعظم مودی جمعہ کو وارانسی کے رودراکش کنونشن سینٹر میں منعقد ’ون ورلڈ ٹی بی سمٹ‘سے خطاب کر رہے تھے۔ مودی نے کہا کہ 2014 کے بعد سے جس نئی سوچ اور نقطہ نظر کے ساتھ ہندوستان نے ٹی بی کے خلاف کام کرنا شروع کیا ہے وہ واقعی بے مثال ہے۔ ہندوستان کی یہ کوششیں آج پوری دنیا کو جاننا چاہئے کیونکہ ٹی بی کے خلاف عالمی جنگ میں ایک نیا ماڈل سامنے آیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے نو سالوں میں، ہندوستان نے ٹی بی کے خلاف اس لڑائی میں کئی محاذوں پر پیش رفت کی ہے جیسے کہ عوامی شراکت ، غذائیت کے لیے خصوصی مہم ، علاج کے لیے نئی حکمت عملی ، ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال اور فٹ انڈیا ، کھیلو انڈیا اچھی صحت کو فروغ دینا۔ یوگا جیسی مہموں پر ایک ساتھ کام کیا ہے۔

اپنے پارلیمانی حلقہ میں ٹی بی سمٹ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ’ میرے لیے یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ کاشی میں ’ ون ورلڈ ٹی بی سمٹ‘ منعقد ہو رہی ہے۔ خوش قسمتی سے میں کاشی کا ایم پی بھی ہوں۔ کاشی شہر وہ لازوال سرزمین ہے جو ہزاروں سالوں سے انسانیت کی کوششوں اور محنت کا گواہ ہے۔ کاشی گواہی دیتا ہے کہ چیلنج کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہو ، جب سب کی کوشش ہوتی ہے تو ایک نیا راستہ بھی سامنے آتا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ کاشی ٹی بی جیسی بیماری کے خلاف ہمارے عالمی عزم کو ایک نئی توانائی دے گا۔

ٹی بی کے مریضوں کی شناخت اور علاج کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ٹی بی کا کوئی مریض علاج سے محروم نہیں رہنا چاہیے ، اس کے لیے ہم نے نئی حکمت عملی پر کام کیا۔ ٹی بی کے مریضوں کی اسکریننگ کے لیے ، ان کے علاج کے لیے ، ہم نے انھیں آیوشمان بھارت اسکیم سے جوڑ دیا ہے۔ ہم نے مفت ٹی بی ٹیسٹنگ کے لیے ملک بھر میں لیبز کی تعداد میں اضافہ کیا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اب سال 2025 تک ٹی بی کو ختم کرنے کے ہدف پر کام کر رہا ہے۔ ٹی بی کو ختم کرنے کا عالمی ہدف 2030 ہے لیکن ہندوستان سال 2025 تک ٹی بی کو ختم کرنے کے ہدف پر کام کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان میں ٹی بی کے مریضوں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ کرناٹک اور جموں و کشمیر کو ٹی بی فری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ میں ان لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔

اس سے پہلے وزیر اعظم مودی نے ریموٹ کابٹن دبا کر ٹی بی سے پاک پنچایت  پہل کے علاوہ ایک مختصر ٹی بی پریوینٹیو ٹریٹمنٹ (ٹی پی ٹی) کا باضابطہ طور پر آغاز کیا۔ مودی نے ٹی بی کے لیے فیملی سینٹرڈ کیئر ماڈل اور انڈیا کی سالانہ ٹی بی رپورٹ 2023 کا اجرا شامل ہے۔

وزیر اعظم نے منتخب ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں اور اضلاع کو ٹی بی کے خاتمے میں ان کی نمایاں پیش رفت کے لیے سرٹیفکیٹس ، میڈلز اور رقم سے بھی نوازا۔اس پروگرام میں اتر پردیش کی گورنر آنندی بین پٹیل ، وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر منسکھ منڈاویہ سمیت کئی معززین موجود تھے۔

Recommended