وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے کہا ہے کہ ہندوستان اور اسرائیلی معاشرے دونوں کو ایک ہی طرح کے چیلنجوں کا سامنا ہے۔دونوں انتہا پسندی اور دہشت گردی سمیت مختلف جغرافیائی سیاسی مسائل سے دوچار ہیں۔
جے شنکر اتوار کو وزیر خارجہ کی حیثیت سے اپنے پہلے پانچ روزہ دورے پر اسرائیل پہنچے۔ ہندوستانی یہودی کمیونٹی اور انڈولوجسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے پرانے ورثے کے تحفظ میں ان کی شراکت کی تعریف کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کمیونٹی آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کی قربت میں مزید اضافہ کرے گی۔
اس سلسلے میں ایک ٹویٹ میں وزیر خارجہ نے کہا، " اسرائیل میں ہندوستانی یہودی کمیونٹی سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔ انہوں نے ہندوستان اسرائیل تعلقات کو کئی گنا بڑھانے میں ان کی شراکت کی قدر کی۔ مجھے یقین ہے کہ وہ آنے والے برسوں میں ہمیں قریب لائیں گے۔ "
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل بھارت جیسا متنوع ملک ہے اور اسے مکمل طور پر سمجھنے اور جاننے کیلئے پوری زندگی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کئی برسوں میں کئی بار اسرائیل گئے ہیں اور ہر بار محسوس کیا ہے کہ ان کا سفر نامکمل رہا ہے۔
جے شنکر نے کہا کہ دونوں ممالک جمہوریت اور تکثیری معاشرے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ دونوں مہذب ذہن والے ممالک ہیں جو دنیا کی بھلائی کی خواہش رکھتے ہیں۔ ہندوستان میں اسے ' وسودھاؤ کٹومبکم ' (دنیا ایک خاندان ہے) کہا جاتا ہے اور یہودیت میں یہ ' ٹکون اولم ' ہے (دنیا بہتر ہو)۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کا زور علم پر مبنی معیشتوں کے درمیان اختراع اور کاروباری شراکت داری کو بڑھانا ہے۔
وزیر خارجہ نے اپنے دورے کا آغاز تالپیت، یروشلم میں بھارتی قبرستان کا دورہ کرکے کیا۔ پہلی جنگ عظیم کے دوران عظیم قربانی دینے والے بہادر بھارتی فوجیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے اسرائیلی چیمبرز آف کامرس میں تاجر برادری سے خطاب کیا۔ انہوں نے کمیونٹی سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ کاروباری دوستانہ پالیسیوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہندوستان میں دستیاب مواقع پر توجہ دے۔