Urdu News

ڈبلیو ٹی او اجازت دے تو دنیا کو غذائی اشیاء فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے بھارت: وزیراعظم

وزیراعظم نریندرمودی

وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو کہا کہ بھارت غذائی بحران سے پریشان دنیا کی مدد کے لئے تیار ہے۔ اس بارے میں انہوں نے امریکی صدر سے حال ہی میں چرچہ بھی کی ہے۔ گجرات کے ایک تقریب کو آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گجرات کے ادلاج میں شری اناپورنا دھام ٹرسٹ کے ہاسٹل اور ایجوکیشنل کمپلیکس کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم خطاب کررہے تھے۔ وزیر اعظم نے تقریب کے دوران جن سہایک ٹرسٹ کے ہیرامنی آروگیہ دھام کا بھومی پوجن بھی کیا۔ اس موقع پر گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر بھائی پٹیل بھی موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے شری اناپورنا دھام کے روحانی اور سماجی اداروں سے طویل عرصے تک منسلک رہنے پر خوشی کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ گجرات کی فطرت رہی ہے کہ وہ صحت، تعلیم اور غذائیت کے شعبے میں اپنا تعاون کرتا ہے۔ تمام برادریاں اپنی صلاحیت کے مطابق اپنا کردار ادا کرتی ہیں اور پاٹیدار برادری سماج کے لیے اپنا کردار ادا کرنے میں کبھی پیچھے نہیں رہتی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خوشحالی کی دیوی ما انا پورنا کی ہر کوئی اور خاص طور پر پاٹیدار برادری کی طرف سے گہری تعظیم کی جاتی ہے جو روزمرہ کی زندگی کی حقیقتوں سے گہرا تعلق رکھتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ماں اناپورنا کی مورتی کو حال ہی میں کینیڈا سے کاشی واپس لایا گیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ہماری ثقافت کی ایسی درجنوں علامتیں گزشتہ چند سالوں میں بیرون ملک سے واپس لائی گئی ہیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری ثقافت میں خوراک، صحت اور تعلیم کو ہمیشہ بہت اہمیت دی جاتی ہے اور آج شری اناپورنا دھام نے ان عناصر کو وسعت دی ہے۔ جو نئی سہولتیں سامنے آرہی ہیں ان سے گجرات کے عام لوگوں کو بہت زیادہ فائدہ پہنچے گا، خاص طور پر ایک وقت میں 14 افراد کی ڈائلیسس کی سہولت، 24 گھنٹے خون کی فراہمی کے ساتھ بلڈ بینک ایک بڑی ضرورت کو پورا کرے گا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ضلع اسپتالوں میں مفت ڈائلیسس کی سہولت شروع کی ہے۔گجراتی زبان میں بات کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے اچھے کام کے لیے ٹرسٹ اور اس کی قیادت کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ ان معززین کی بڑی خوبی تحریک (آندولن) کو تعمیری کاموں کے ساتھ ملانا ہے۔ ’نرم لیکن پرعزم‘ وزیر اعلیٰ کی ان کی قیادت اور قدرتی کھیتی پر زور دینے کی تعریف کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے اجتماع سے کہا کہ جہاں بھی ممکن ہو قدرتی کھیتی کو آگے بڑھایا جائے۔ وزیر اعظم نے گجرات میں ترقی کی شاندار روایت کو بیان کیا جہاں ترقی کے نئے معیارات قائم کیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ترقی کی اس روایت کو وزیر اعلیٰ آگے لے جا رہے ہیں۔اسٹیچیو آف یونیٹی میں، وزیر اعظم نے کہا، ہندوستان نے سردار پٹیل کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے، جن کا نام پوری دنیا میں مشہور ہوا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ گجرات میں، جو ماں اناپورنا کی سرزمین ہے، وہاں غذائی قلت کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اکثر غذائیت کی کمی لاعلمی کی وجہ سے بھی ہوتی ہے۔ انھوں نے متوازن غذا کے بارے میں آگاہی پھیلانے کی ضرورت پر زور دیا۔ خوراک کو صحت کی سمت میں پہلا قدم قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ غذائیت کی کمی اکثر خوراک کی کمی کے بجائے خوراک کے بارے میں علم کی کمی کا نتیجہ ہوتی ہے۔ وزیر اعظم نے عالمی وبا کا تذکرہ کیا، حکومت نے 80 کروڑ سے زیادہ لوگوں کے لیے مفت خوراک کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ کل رات امریکی صدر سے اپنی بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے جناب مودی نے کہا کہ انھوں نے امریکی صدر سے کہا کہ اگر ڈبلیو ٹی او کے قوانین میں اجازت دینے میں نرمی کی جاتی ہے تو ہندوستان دوسرے ممالک کو بھیجنے کے لیے اناج کی پیشکش کر سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ماں انا پورنا کی مہربانی سے ہندوستانی کسان پہلے ہی دنیا کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔

Recommended