Urdu News

ہندوستان نے سی پیک منصوبے میں تیسرے ملک کی مجوزہ شمولیت کی مخالفت کی

وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی

نئی دہلی، 27؍جولائی

بھارت نے چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک) میں تیسرے ممالک کی مجوزہ شرکت کی سختی سے مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی سرگرمیاں غیر قانونی ہیں اور اس کی علاقائی سالمیت کی براہ راست خلاف ورزی ہے۔ سخت الفاظ  والے بیان میں، وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان مسلسل سی پیک کے تمام منصوبوں کی مخالفت کرتا ہے کیونکہ وہ پاکستان کے غیر قانونی طور پر قبضے والے علاقے میں چلائے جارہے ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان نے اس منصوبے میں ترکی کی شرکت کی تجویز پیش کی ہے اور چین کے ساتھ حالیہ مشترکہ میٹنگ میں افغانستان تک راہداری کی منصوبہ بندی کی توسیع کا حوالہ دیا گیا ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ بھارت سختی سے اور مسلسل نام نہاد  سی پیک کے منصوبوں کی مخالفت کرتا ہے، جو ہندوستانی علاقے میں ہیں جو پاکستان نے غیر قانونی طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔

اس طرح کی سرگرمیاں فطری طور پر غیر قانونی، ناجائز اور ناقابل قبول ہیں، اور ہندوستان کی طرف سے ان کے ساتھ اس کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ بھارت نےسی پیک منصوبوں کے بارے میں یہ کہتے ہوئے مستقل رویہ اپنایا ہے کہ ان سرگرمیوں کی منصوبہ بندی پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر کے متنازعہ علاقے میں کی جا رہی ہے اور اس لیے یہ غیر قانونی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ کسی بھی فریق کی طرف سے ایسا کوئی بھی اقدام براہ راست ہندوستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کرتا ہے۔یہ بیان چین کے معاون وزیر خارجہ وو جیانگاؤ اور پاکستانی سیکرٹری خارجہ سہیل محمود کے درمیان بین الاقوامی تعاون اور رابطہ کاری پر سی پیک کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کے 21جولائی کو ہونے  والی ملاقاتکے بعد آیا ہے۔

ملاقات کے بعد ایک بیان میں، دونوں فریقوں نے تفصیلات میں جانے کے بغیر، منصوبے میں تیسرے فریق کو شامل کرنے اور اسے افغانستان تک بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔   مئی میں پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے چین اور ترکی کے ساتھ سہ فریقی سی پیک معاہدے کی تجویز پیش کی تھی۔ پاکستان کے ترکی کے ساتھ گہرے فوجی تعلقات ہیں، جس میں بحری نظام کی خریداری، طیاروں کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر ہتھیاروں کے نظام کے کئی احکامات بھی دیے گئے ہیں۔

Recommended