نئی دہلی، 15 جولائی (انڈیا نیرٹیو)
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ ہندوستان کی طویل مدتی ترقی کے امکانات عوامی سرمائے کے اخراجات پر مشتمل پروگراموں میں مضمر ہیں۔ لچکدار معاشی نظام کے لیے ثبوت پر مبنی پالیسی سازی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وبا سے متاثر ہونے والی معاشی نمو کو تیز کرنے کے لیے سرمائے کے اخراجات میں اضافے پر زور دیا ہے۔وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے یہ بات انڈونیشیا کے بالی میں منعقدہ جی- 20 ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں (ایف ایم سی بی جی) کے گورنروں کی تیسری میٹنگ میں کہی۔ وزارت خزانہ نے جمعہ کو بتایا کہ میٹنگ کے دوسرے سیشن کے خطاب میں سیتا رمن نے یہ بھی کہا کہ ایسی صورت حال میں امید ہے کہ عوامی اخراجات میں اضافہ سے نجی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے کہا کہ لچکدار معاشی نظام کے لیے شواہد پر مبنی پالیسی بنانا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا وبا سے متاثر ہونے والی معاشی نمو کو تیز کرنے کے لیے سرمائے کے اخراجات میں اضافے پر زور دیا ہے۔ پائیدار عالمی شرح نمو کو موسمیاتی کارروائی کے ساتھ ساتھ موسمیاتی مالیات اور سبز تبدیلیوں پر توجہ دینی چاہیے۔تیسرے جی20 ایف ایم سی بی جی کے دوسرے سیشن میں سیتا رمن نے ’G20ہیلتھ ایجنڈا' بشمول عالمی وبائی امراض کی تیاری اور ردعمل کے طریقہ کار پر اپنے خیالات کا اشتراک کیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہندوستان مستقبل میں کسی بھی عالمی وبائی امراض سے نمٹنے اور اس سے بچنے کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کے لیے پرعزم ہے۔جی – 20 ممالک کا ایک گروپ ہے جس کے اجلاس ہر سال مختلف ممالک میں منعقد ہوتے ہیں۔ یہ ستمبر 1999 میں بین الاقوامی مالیاتی استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔ اس کے اجلاس میں رکن ممالک کے سربراہان، وزرائے خزانہ اور مرکزی بینک کے گورنرز شریک ہوتے ہیں، جس میں بنیادی طور پر اقتصادی موضوعات پر بات کی جاتی ہے۔