نئی دہلی، 31مارچ
بھارت نے بد ھ کے روز بالاسور میں اڈیشہ کے ساحل سے درمیانی رینج کے سرفیس ٹو ایئر میزائل (ایم آر ایس اے ایم) فضائی دفاعی نظام کے دو کامیاب تجربہ کیا۔ ایک سرکاری پریس ریلیز کے مطابق میڈیم رینج سرفیس ٹو ایئر میزائل (ایم آر ایس اے ایم)آرمی ویپن سسٹم نے ایک بار پھر اپنی تاثیر ثابت کردی ہے کیونکہ فلائٹ ٹیسٹ کے دوران دو میزائلوں نے آج تقریباً 10:15 اور 11:00 بجے تیز رفتار فضائی اہداف کو براہ راست نشانہ بنایا۔ان آزمائشوں کے دوران ہتھیاروں کے نظام کے تمام اجزاء بشمول میزائل، ویپن سسٹم ریڈار اور کمانڈ پوسٹ کی کارکردگی کی توثیق کی گئی ہے۔
پرواز کے ٹیسٹ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن(DRDO) اور ہندوستانی فوج کے سینئر عہدیداروں کی موجودگی میں کئے گئے۔ اس سے قبل 27 مارچ کو بھی براہ راست فائرنگ کے ٹرائلز کے حصے کے طور پر مختلف رینج کے لیے تیز رفتار فضائی اہداف کے خلاف میزائل سسٹم کا دو بار کامیاب تجربہ کیا گیا تھا۔ مختلف رینجز اور منظرناموں کے لیے فلائٹ ٹرائلز کے ساتھ، سسٹم نے اپنی ڈیولپمنٹ ٹرائلز مکمل کر لی ہیں۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ان کامیاب تجرباتکے لیے ڈی آر ڈی او ، ہندوستانی فوج اور صنعت کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ کامیاب لانچوں نے ایک بار پھر سسٹم کی قابل اعتمادی کو ثابت کر دیا ہے۔ یہMRSAM ورژن ایک زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل ہے جو ہندوستانی فوج کے استعمال کے لیے ڈی آر ڈی او اور اسرائیل ایرو اسپیس انڈسٹریز نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ MRSAM آرمی ویپن سسٹم ملٹی فنکشن ریڈار، موبائل لانچر سسٹم اور دیگر گاڑیوں پر مشتمل ہے۔ پرواز کے ٹیسٹ ہتھیاروں کے نظام کے ساتھ قابل ترسیل ترتیب میں کئے گئے تھے۔