نئی دہلی، 17 اپریل (انڈیا نیرٹیو)
برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن 21 اپریل کو ہندوستان کے دو روزہ سرکاری دورے پر ہوں گے۔ وزیر اعظم کے طور پر یہ ان کا ہندوستان کا پہلا دورہ ہوگا۔
وزارت خارجہ کے مطابق، ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان طویل اور تاریخی تعلقات ہیں، جسے 2021 میں ہندوستان-برطانیہ ورچوئل سمٹ کے دوران ایک جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ میں اپ گریڈ کیا گیا تھا۔ دورے کے دوران، وزیر اعظم نریندر مودی اور برطانیہ کے وزیر اعظم جانسن روڈ میپ 2030 کے نفاذ کا جائزہ لیں گے اور تعاون کو گہرا کرنے کے لیے اپنے وڑن کا اشتراک کریں گے۔دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کے علاوہ دونوں رہنما باہمی مفاد کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
وزیر اعظم جانسن کا 22 اپریل کو راشٹرپتی بھون میں رسمی استقبال کیا جائے گا اور اس کے بعد وہ وزیر اعظم کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے۔ نئی دہلی میں سرکاری پروگراموں کے علاوہ وزیر اعظم جانسن 21 اپریل کو گجرات کا دورہ بھی کریں گے۔