نئی دلی۔20؍ دسمبر
گوگل کی پیرنٹ کمپنی الفا بیٹ کے سی ای او سندر پچائی نے پیشن گوئی کی ہے کہ ہندوستان ایک بڑی برآمدی معیشت بن کر ابھرے گا۔ گوگل فار انڈیا ایونٹ میں خطاب کرتے ہوئے، گوگل کے سی ای او نے کہا کہ ہندوستان ایک کھلے اور منسلک انٹرنیٹ ایکو سسٹم سے فائدہ اٹھائے گا اور اس توازن کو درست کرنا ہندوستان کے لیے اہم ہوگا۔
پچائی نے یہ بھی اعلان کیا کہ کمپنی ہندوستانی اسٹارٹ اپس پر توجہ مرکوز کررہی ہے اور ان اسٹارٹ اپس میں بھاری سرمایہ کاری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹارٹ اپس کے لیے اس کے 300 ملین ڈالر میں سے تقریباً ایک چوتھائی ان اداروں میں لگائے جائیں گے جن کی قیادت خواتین کر رہی ہیں۔
سندر پچائی نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ یہ وقت کا ایک اہم لمحہ ہے۔ ہندوستان ایک بڑی برآمدی معیشت بھی ہو گا۔ اسے ایک کھلے اور منسلک انٹرنیٹ سے فائدہ پہنچے گا اور اس توازن کو درست رکھنا اہم ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کی نفاست میں کافی حد تک بہتری آ رہی ہے اور گلانس جیسے ہندوستانی سٹارٹ اپس کو دنیا بھر میں دیکھا جا رہا ہے۔
اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ملک ڈیجیٹل تبدیلی کے دوران ایک اہم دور سے گزر رہا ہے، پچائی نے کہا کہ ہندوستان کے لیے کھلا اور منسلک انٹرنیٹ ہونا ضروری ہے۔
ہندوستان کو یہاں ایک قائدانہ کردار ادا کرنا ہے۔ یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ آپ لوگوں کے لیے جو حفاظتی اقدامات کر رہے ہیں ان میں توازن پیدا کر رہے ہیں اور جدید فریم ورک بنا رہے ہیں تاکہ کمپنیاں قانونی فریم ورک میں یقینی طور پر اختراع کر سکیں۔