نئی دہلی، 15/مئی2021 ۔ بھارتی ساحلی حفاظتی دستہ (آئی سی جی) نے تین ماہی گیروں کو بچایا ہے۔ یہ ماہی گیر ایک بھارتی ماہی گیر کشتی (آئی ایف بی) بدھریا میں اس وقت پھنس گئے تھے جب گردابی طوفان ٹاؤٹے کنور کے ساحل سمندر سے ٹکرایا۔ 14 مئی 2021 کی شب ایک تیز اور جرأت مندانہ کارروائی کے دوران آئی سی جی جہاز وکرم نے آئی ایف بی بدھریا کو بچایا، جو ٹیلسری بندرگاہ سے 9 مئی 2021 کو روانہ ہوئی تھی۔ ماہی گیروں کو آئی سی جی جہاز کے اندر ہی ہنگامی طبی امداد بہم پہنچائی گئی۔ آئی سی جی ہیڈ کوارٹر نمبر 4 کیرالہ اور ماہے نے ریاست میں اس تلاش و بچاؤ مہم میں تال میل کا کام انجام دیا۔ ضلع کمانڈر ڈی آئی جی سناتن جینا، ٹی ایم نے بتایا کہ سمندر کی انتہائی خراب حالات کے باوجود آئی سی جی جہاز سمندر میں نکلے اور سمندر و ہوا کی خراب صورت حال میں پھنسے ہوئے ماہی گیروں کو بچایا۔
کیرالہ کے ساحل سے دور اپنے اثرات چھوڑ جانے والا گردابی طوفان ٹاؤٹے اب دھیرے دھیرے لیکن تسلسل کے ساتھ شمالی سمت میں بڑھ رہا ہے۔ آئی سی جی کے جہاز مسلسل طغیانی پر آئے ہوئے سمندر میں پیٹرولنگ کررہے تھے اور کشتیوں کو محفوظ پانی اور زمین کی طرف پہنچنے میں ان کی رہنمائی کررہے تھے۔ آئی سی جی مسلسل سبھی ماہی گیروں کو خراب ہوتے موسمی حالات اور گردابی طوفان کے تعلق سے راڈار اسٹیشنوں اور علاقے میں پیٹرولنگ کررہے آئی سی جی طیاروں کے توسط سے انتباہ دے رہے ہیں۔
آئی سی جی ایک مرتبہ پھر جان بچانے والے کے طور پر سامنے آکر اپنے عزم و استقلال کا ثبوت دے رہا ہے، جو کہ اس کے موٹو ’وایم رکشامہ‘ یعنی ’ہم حفاظت کرتے ہیں‘ کے عین مطابق ہے۔