Urdu News

نیپال میں ہندوستانی سفارت خانے نے 74 واں آرمی ڈے منایا

نیپال میں ہندوستانی سفارت خانے نے 74 واں آرمی ڈے منایا

نیپال میں ہندوستانی سفارت خانے کے دفاعی ونگ نے اتوار کو 74 واں ہندوستانی آرمی ڈے منایا۔نیپال میں ہندوستان کے سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ نیپال کے آرمی چیف جنرل پربھو رام شرما نے اس تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جب کہ نیپال کے سابق آرمی چیفس، دیگر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، سفارتی برادری کے افسران، حکومت کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر نیپال کے تھنک ٹینکس کے ارکان اور نامہ نگار بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیپال میں ہندوستان کے سفیر ونے موہن کواترا نے ہندوستانی فوج اور نیپالی فوج کے درمیان گہرے تاریخی روابط کو یاد کیا، جس نے دونوں ممالک کو برادرانہ تعلقات کے مضبوط بندھن میں باندھ دیا۔ہندوستانی فوج میں گورکھا سپاہیوں کی بے لوث خدمات اور قربانی کے لئے اظہار تشکر کرتے ہوئے، انہوں نے نیپال میں مقیم پنشنرز اور ان کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔کواترا نے آنجہانی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کو بھی خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے 8 دسمبر 2021 کو ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں اپنی اہلیہ مدھولیکا راوت اور دیگر 11 رینکوں کے ساتھ جان کی بازی ہار دی۔

جنرل پربھو رام شرما نے بھی 74ویں انڈین آرمی ڈے کے موقع پر انڈین آرمی چیف جنرل ایم ایم نروانے کو اپنی مبارکباد دی۔ انہوں نے دونوں فوجوں کے درمیان قریبی تعلقات اور دیرینہ تعاون پر روشنی ڈالی اورکووڈ۔ 19 وبائی امراض کے خلاف لڑائی اور نیپالی فوج کو جدید بنانے میں مدد کے لئے ہندوستانی فوج کی نیپالی فوج کی حمایت کی تعریف کی۔انہوں نے ہندوستانی فوج کے بہادری ایوارڈ یافتہ گورکھا سپاہیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ہندوستانی فوج کا دن فیلڈ مارشل کوڈنڈرا ایم کیریپا کی یاد میں منایا جاتا ہے، جنہوں نے 15 جنوری 1949 کو ہندوستان کے آخری برطانوی کمانڈر انچیف جنرل فرانسس بوچر سے ہندوستانی فوج کے کمانڈر انچیف کا عہدہ سنبھالا تھا۔

Recommended