Urdu News

اسکل انڈیا مشن کے فروغ میں انڈین ریلوے کا بڑا قدم

اسکل انڈیا مشن

 

 

نوجوانوں کو با اختار بنانے کے لئےآزادی کاامرت مہوتسو کے 75ویں سال منائے جانے کے ایک  حصہ کے طور پر  ریلوے ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ صنعت کے لئے موزوں ہنرمندی میں ابتدائی تربیت فراہم کرائی جائے گی۔  ریلوے، مواصلات، الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کے وزیر جناب اشونی ویشنو نے آج ریل بھون میں  پردھان منتری کوشل  وکاس یوجنا (پی ایم کے وی وائی)  کے تحت  ایک پروگرام ر یل کوشل وکاس یوجنا  کاآغاز کیا۔ اس موقع پر ریلوے بورڈ کے چیئرمین اور سی ای او جناب سنیت شرما اور ریلوے کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جناب اشونی ویشنو نے کہا‘‘ یہ ایک مبارک دن ہے کیوں کہ آج  ملک بھر میں وشوکرما جینتی منائی جارہی ہے ’’۔انہوں نے وزیراعظم کو ان کے یوم پیدائش پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے ریل کوشل وکاس یوجنا کو  وزیراعظم کو ان کے یوم پیدائش پر ریلوے کی جانب سے ایک تحفہ  بتایا۔ انہوں نے کہاکہ ہنرمندی کے فروغ کا  ویژن وزیراعظم جناب نریندر مودی کے ویژن کاایک ضروری حصہ ہے اور  ریل کوشل وکاس یوجنا کے تحت 50000 ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس پہل کا مقصد مختلف ٹریڈز ہیں، نوجوانوں کو ہنرمندی کی تربیت فراہم کراناہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ریل کوشل وکاس یوجنا کے تحت  دور دراز کے علاقوں میں  تربیتی پروگرام چلائے جائیں گے۔

یہ تربیت تین سال کی مدت میں 50000 امیدواروں کو فراہم کرائی جائے گی۔ ابتدائی طور پر 1000 امیدواروں کو تربیت فراہم کرائی جائے گی۔ یہ تربیت 4 ٹریڈز میں ہو گی، جن میں الیکٹریشین، ویلڈر مشینسٹ  اور فٹر شامل ہیں۔ اس میں 100 گھنٹے کی ابتدائی بنیادی تربیت شامل ہے۔علاقائی مانگ اور ضرورتوں کے مطابق دیگر ٹریڈس میں تربیت زونل ریلویز اور پروڈکشن یونٹوں کے ذریعہ فراہم کرائی جائے گی۔  یہ تربیت مفت ہوگی اور  شرکا کا انتخاب  آن لائن موصول ہونے والی درخواستوں سے کیا جائے گا جس کے لئے میٹرکولیشن میں حاصل شدہ نمبروں کی بنیاد پر ایک شفاف میکنزم پر عمل کیا جائے گا۔ 10ویں پاس  18 سے 35 سال تک کے امیدوار درخواست دینے کے اہل ہوں گے، لیکن اسکیم کے شرکا کا اس تربیت کی بنیاد پر ریلوے میں روزگار کے لئے کوئی دعویٰ  نہیں ہوگا۔

پروگرام کا نصاب اس اسکیم کے لئے نوڈل پی یو بنارس لوکوموٹیو ورکس کے ذریعہ تیار کیا جائے گا۔ یہ اسکیم ابتدائی طور پر 1000 شرکا کے لئے شروع کی جارہی ہے اور یہ اسکیم اپرینٹس ایکٹ 1961 کے تحت فراہم کرائے جانے والی تربیت کے علاوہ ہوگی۔ اس پروگرام کے بارے میں معلومات، درخواستیں طلب کرنے کے لئے نوٹی فکیشن، منتخبہ امیدواروں کی فہرست ، انتخاب کے نتائج آخری اندازہ قدر مطالعہ کا مواد اور دیگر تفصیلات  ایک ہی مقام پر فراہم کرانے کے لئے ایک نوڈل ویبسائٹ تیار کی جارہی ہے۔ اس وقت مقامی طور پر جاری کئے گئے اشتہارات کے  جواب میں درخواست کنندگان درخواستیں دے سکتے   ہیں۔موصولہ آن لائن درخواستیں جلد ہی ایک سنٹرلائزڈ پر کھولی جائیں گی۔

تربیت حاصل کرنے والوں کامعیاری جائزہ لیا جائے گا اور تربیت کے اختتام پر مختص کی گئی ٹریڈ میں ان کو نیشنل ریل اینڈٹرانسپورٹیشن انسٹی ٹیوٹ کے ذریعہ سند دی جائے گی۔  تربیت حاصل کرنے والوں کو ان کی ٹریڈ کے مطابق ٹول کٹ بھی فراہم کرائے جائیں گے،  جن سے انہیں  اپنے روزگار کے لئے اور مختلف صنعتوں میں ملازمت حاصل کرنے کے لئے  اپنی صلاحیت میں اضافہ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

مذکورہ ٹریڈس میں ملک بھر کے نوجوانوں کو تربیت فراہم کرانے کے لئے ملک بھر میں 75 ریلوے تربیتی اداوں کی  چنندہ فہرست تیار کی گئی ہے۔اس اسکیم سے نہ صرف نوجوانوں کی روزگارحاصل کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ  اپنے روزگار کے لئے اورٹھیکیداروں کے ساتھ کام کرنے والوں کی ہنرمندی بھی بہتر ہوگی اور یہ اسکل انڈیا مشن  میں بھی مدد کرسکیں گے۔

Recommended