Urdu News

بھارت کاصحت کے شعبے میں دوسرے ممالک پرانحصارکم کرنے کی کوشش: پی ایم نریندرمودی

پی ایم نریندرمودی

نئی دہلی، 06 مارچ

 وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز  کہا کہ ملک میں سب کے لیے علاج کو سستا بنانا حکومت کی ترجیح ہے۔ ہندوستان مسلسل ہیلتھ کیئر میں بیرونی ممالک پر کم سے کم انحصار کو یقینی بنانے کی مسلسل کوشش کر رہا ہے۔ خودکفیل  بننے کے لیے، ہمارے کاروباریوں کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ ہندوستان کو کوئی ٹیکنالوجی درآمد کرنے کی ضرورت نہیں رہے۔

وزیر اعظم ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ‘صحت اور طبی تحقیق’ پر پوسٹ بجٹ ویبینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کے بجٹ کی ترجیحات میں ہندوستان میں طبی خدمات کا شعبہ ہے۔ انہوں نے کہا- ہم مسلسل کوشش کر رہے ہیں کہ بیرونی ممالک پر ہندوستان کا انحصار کم  ہو۔ ہندوستان میں علاج کو سستا بنانا ہماری حکومت کی ترجیح رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آیوشمان بھارت کے تحت 5 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت فراہم کرنے کے پیچھے یہی سوچ ہے۔ آیوشمان بھارت کے تحت پانچ لاکھ روپے تک کے مفت علاج سے ملک کے کروڑوں مریضوں کے علاج پر تقریباً 80 ہزار کروڑ روپے خرچ ہونے تھے، وہ بچ گئے ہیں۔ ہمارے پاس تقریباً 9000 جن اوشدھی کیندر ہیں اور یہاں بازار کی قیمتوں سے  بہت سستی ادویات دستیاب ہیں۔ اس کے علاوہ غریب اور متوسط طبقے کے خاندانوں نے تقریباً 20 ہزار کروڑ روپے کی بچت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں بہتر اور جدید ہیلتھ انفراسٹرکچر کا ہونا بہت ضروری ہے۔ آج ملک میں ڈیڑھ لاکھ ہیلتھ اینڈ ویلنیسسینٹر تیار ہو رہے ہیں۔ ان مراکز میں ذیابیطس، کینسر اور دل کی سنگین بیماریوں کی اسکریننگ کی سہولیات موجود ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ کووڈ نے پوری دنیا کو یہ سبق سکھایا ہے کہ جب بھی ایسی صورتحال پیدا ہوتی ہے، یہ ترقی یافتہ اور خوشحال معیشتوں کی بنیاد کو ہلا کر رکھ دیتی ہے۔دنیا کی توجہ پہلے سے کہیں زیادہ اب صحت کی دیکھ بھال مبذول ہوئی ہے، لیکن ہندوستان کا نقطہ نظر صرف صحت کی دیکھ بھال تک محدود نہیں ہے، بلکہ ہم ایک قدم آگے بڑھ کر فلاح و بہبود کی طرف کام کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دوسری باتوں کے علاوہ، کورونا کے دور نے ہمیں سپلائی چین کی اہمیت سکھائی ہے۔ مزید یہ کہ حالیہ بجٹ میں ایسے تمام پہلوؤں کو جامع انداز میں حل کیا گیا ہے۔ ہم دوسرے ممالک پر ہندوستان کی کم سے کم انحصار کو یقینی بنا رہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک زمین ایک صحت کی بات کی ہے، یعنی تمام جانداروں کے لیے، چاہے وہ انسان ہوں، جانور ہوں، پودے ہوں، سب کے لیے ایک جامع صحت کی خدمت کی بات کہی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پی ایم آیوشمان بھارت ہیلتھ انفراسٹرکچر مشن کے تحت صحت کے اہم انفراسٹرکچر کو چھوٹے شہروں اور قصبوں میں لے جایا جا رہا ہے۔ اس کی وجہ سے چھوٹے شہروں میں نئے اسپتال بن رہے ہیں، صحت کے شعبے سے متعلق ایک مکمل ایکو سسٹم بھی تیار ہو رہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں میں 260 سے زائد میڈیکل کالجز کھولے گئے ہیں۔ 2014 کے بعد آج میڈیکل سیٹوں کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے۔ میڈیکل کالج کے قریب 157 نئے نرسنگ کالجز کا افتتاح میڈیکل ہیومن ریسورس کے لیے ایک بڑا قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ آئی ڈی کے ذریعے ہم اہل وطن کو بروقت صحت کی سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ای سنجیونی جیسی ٹیلی کنسلٹیشن کی کوششوں سے 10 کروڑ لوگوں کو گھر بیٹھے ڈاکٹروں سے آن لائن کنسلٹیشن کا فائدہ ملا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی کی وجہ سے ادویات کی ترسیل اور ٹیسٹنگ سے متعلق لاجسٹک میں انقلابی تبدیلی نظر آرہی ہے۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہمارے کاروباریوں کو اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ ہمیں کسی بھی ٹیکنالوجی کو درآمد کرنے سے گریز کرنا چاہئے، ہمیں اب خود انحصار بننا ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ بہترین نتائج سامنے لانے کے لیے انڈسٹری، اکیڈمی اور حکومت کے درمیان مناسب ہم آہنگی اور تال میل ہونا چاہیے۔ ملک میں سنٹرز آف ایکسی لینس کے ذریعے فارما سیکٹر میں تحقیق اور اختراع کو مضبوط کرنے کے لیے ایک نیا پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آیورویدک مصنوعات کی مانگ پوری دنیا میں بڑھ گئی ہے۔ اس میدان میں ہندوستان کی عظیم کوششوں کی وجہ سے ہی ہمارے ملک میں عالمی ادارہ صحت کا گلوبل سنٹر فار ٹریڈیشنل میڈیسن قائم کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں صحت کے شعبے میں خاص طور پر آیوروید کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے ‘ثبوت پر مبنی تحقیق’ کو مضبوط کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔

 نتائج کے بارے میں نہ صرف بحث، بلکہ نتائج خود بھی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں میڈیکل ٹورازم ایک بڑے شعبے کے طور پر ابھرا ہے۔ اس نے معیشت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ روزگار میں بھی اضافہ کیا ہے۔ ہمیں اسے مضبوط بنانے کے لیے کام کرنا چاہیے۔

Recommended