بھارت کی جی ڈی پی کی شرحِ ترقی 12 اعشاریہ 6 فیصد رہے گی:اقتصادی اشتراک اور ترقی کی تنظیم
اقتصادی اشتراک اور ترقی سے متعلق تنظیم نے سال 2021-22 کے لیے بھارت کی اقتصادی شرح ترقی کے تخمینے میں چار اعشاریہ سات فیصد کا اضافہ کیا ہے اور اب یہ شرح ترقی 12 اعشاریہ 6 فیصد رہنے کی بات کہی ہے۔ اِس طرح بھارت دنیا میں سب سے تیز ترقی کرنے والی بڑی معیشت کا اپنا پہلے والا درجہ برقرار رکھ سکے گا۔
اقتصادی منظرنامے پر اپنی عبوری رپورٹ میں اقتصادی اشتراک اور ترقی سے متعلق تنظیم نے کہا ہے کہ بھارت میں مستحکم مالی اقدامات اور مینوفیکچرنگ اور تعمیر کے شعبوں میں بحالی کی بدولت سرگرمیاں عالمی وبا سے پہلے کی سطح سے بھی اوپر آگئی ہیں۔
تنظیم نے البتہ یہ بھی کہا ہے کہ سال 2022-23 میں اقتصادی شرح ترقی کم ہوکر پانچ اعشاریہ چار فیصد پر آسکتی ہے جو اس کے پہلے کے اندازوں سے صفر اعشاریہ چھ فیصد زیادہ ہوگی۔ تنظیم کے مطابق مذکورہ سال میں بھارت کے ساتھ ساتھ انڈونیشیا بھی سب سے تیز ترقی کرنے والی بڑی معیشت بن جائے گا۔
موجودہ مالی سال میں بھارتی معیشت میں 8 فیصد کی گراوٹ کا اندازہ لگایا گیا تھا ۔ البتہ تنظیم کا یہ ماننا ہے کہ یہ گراوٹ7 اعشاریہ 4 فیصد سے بھی کم رہے گی۔