واشنگٹن،12 اکتوبر (انڈیا نیرٹیو)
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح میں کمی کی پیشن گوئی کے باوجود اس کی پوزیشن بہتر رہے گی۔ یہ کہنا ہے آئی ایم ایف کے ایشیا اینڈ پیسیفک ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر کرشنا شری نواسن کا۔
آئی ایم ایف کے اس عہدیدار کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں حالات دوسرے ممالک کے مقابلے بہتر رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ا?ج ہر ملک اقتصادی ترقی کے معاملے میں سست روی کا شکار ہے، لیکن ہندوستان پر اس کا اثر نہیں پڑا ہے۔ بین الاقوامی ادارے کے اس عہدیدار نے کہا کہ ہندوستان دوسرے ممالک کے مقابلے بہتر مقام پر ہے۔
کرشنا شری نواسن نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ اس وقت عالمی صورتحال ایک بڑا مسئلہ ہے۔ مہنگائی میں اضافہ ہو سکتا ہے، لیکن دنیا کے کئی حصوں میں ترقی کی رفتار کم ہو رہی ہے۔ ان کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب آئی ایم ایف نے سال 2022 کے لیے ہندوستان کی اقتصادی ترقی کے تخمینے کو کم کر کے 6.8 فیصد کر دیا ہے۔
اس سے پہلے جولائی میں ہندوستان کی شرح نمو 7.4 فیصد رہنے کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔ آئی ایم ایف عہدیدار کا کہنا تھا کہ رواں سال یا اگلے سال عالمی معیشت کے ذمہ دار کئی ممالک کساد بازاری کی زد میں آئیں گے۔
تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی مزید وسیع ہو سکتی ہے۔ شری نواسن نے دنیا کی تین بڑی معیشتوں امریکہ، یورپی یونین اور چین کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ممالک میں حالات خراب ہوتے رہیں گے۔