Urdu News

عدم استحکام، بدعنوانی اور گھوٹالوں کی ضمانت ہے کانگریس:پی ایم مودی

وزیر اعظم نریندر مودی

ہماچل میں صرف بی جے پی ہی مستحکم حکومت دے سکتی ہے

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ آج بھی کانگریس کی بنیاد خاندان پرستی ہے۔ کانگریس ہماچل کے خوابوں اور امنگوں کو پورا نہیں کر سکتی۔ ملک میں کانگریس کی حکومت اب صرف دو ریاستوں میں ہے اور وہاں سے بھی آپسی لڑائی جھگڑے کی خبریں آتی ہیں۔ اگر ایسی پارٹی ہو تو کوئی ریاست ترقی نہیں کر سکتی۔ وزیر اعظم نے یہ بات بدھ کو شاہ پور کے چمبی میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانگڑا-چمبا پارلیمانی حلقہ کے 10 اسمبلی حلقوں کے بی جے پی امیدواروں کے حق میں منعقد کی گئی اس ریلی میں مودی نے کانگریس پر شدید حملہ کیا۔

کانگریس پارٹی پر طنز کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس عدم استحکام، بدعنوانی اور گھوٹالوں کی ضمانت ہے۔ کانگریسیعنیترقیاتی کاموں میں رکاوٹ کی گارنٹی ہے۔ کانگریس ہماچل کو کبھی بھی مستحکم حکومت نہیں دے سکتی اور نہ ہی وہ  چاہتے ہیں۔ آج کانگریس کی ملک میں گنتی کی صرف دو حکومتیں رہ گئی ہیں۔ ایک راجستھان میں اور ایک چھتیس گڑھ میں۔ یہاں سے ترقی کی خبریں کبھی نہیں آتیں۔انہوں نے کہا کہ ہماچل کو بھی ایک مستحکم حکومت کی ضرورت ہے، اس لیے اس باریہاں بھی ملک کی دیگر ریاستوں کی طرح رواج بدلنے والاہے۔

مودی نے کہا کہ اس بار اتراکھنڈ کے لوگوں نے بھی پرانی روایت کو بدل کر بی جے پی کو جتوایا ہے۔ اتر پردیش میں بھی 40 سال بعد ایسا ہوا ہے جب ایک پارٹی دوبارہ جیتی اور مسلسل دوسری بار مکمل اکثریت کے ساتھ حکومت میں آئی۔ منی پور میں بھی ایک بار پھر بی جے پی کی حکومت آئی ہے۔ ہم ایسی سیاسی روایت پیدا کرنا چاہتے ہیں کہ حکومت میں ایسے کام کریں کہ ووٹر ہمیں بار بار موقع دیں۔ اسی لیے ہم ہر جگہ، ہر سطح پر ترقی اور ملک کے لیے کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست ہماچل 21ویں صدی میں ترقی کے جس مرحلے پر ہے، اسے ایک مستحکم اور مضبوط حکومت کی ضرورت ہے۔ جب ہماچل میں ایک مضبوط حکومت اور ڈبل انجن کی طاقت ہوگی، تو یہ چیلنجوں پر قابو پا لے گا اور اتنی ہی تیزی سے نئی بلندیوں تک پہنچے گا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے ہماچل بی جے پی کے منشور کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ منشور ہماچل کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ہماچل بی جے پی کے  11 شبھ سنکلپ ہماچل کی ترقی کو نئی تحریک دیں گے۔ جب ہماچل میں ایک مستحکم حکومت ہوگی اور اس کے پاس ڈبل انجن کی طاقت ہوگی تو ہماچل چیلنجوں پر قابو پائے گا اور نئی بلندیوں کو بھی چھوئے گا۔

اس سے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب کا آغاز کانگڑا زبان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگڑا کی سرزمین شکتی پیٹھوں کی سرزمین ہے۔ یہ ہندوستان کے عقیدے اور روحانیت کے لئے ایک تیرتھ ہے۔ بیجناتھ سے کاٹھ گڑھ تک، اس سرزمین میں بابا بھولے کی لامحدود مہربانی ہمیشہ ہم سب کے ساتھ ہے۔

ایمبولینس کے لیے رکوایا اپنا قافلہ

 شاہ پور میں جلسہ عام سے خطاب کے بعد چمبی میدان سے مین روڈ پر پہنچ رہے وزیر اعظم نے اس وقت اپنے قافلے کو رکوادیاجب  سڑک سے گزرنے والی ایمبولینس کی آواز سنی۔ وزیراعظم کا پورا قافلہ مین روڈ پر پہنچنے سے پہلے ہی رک گیا اور جب ایمبولینس وہاں سے گزری تو اس کے بعد ان کا قافلہ گگل ایئرپورٹ کی طرف بڑھا۔ دوسری جانب وزیراعظم کا یہ قدم وہاں موجود لوگوں میں موضوع بحث بنا رہا۔

مودی نے کہا کہ ہماچل میں روزگار میلہ منعقد ہوگا

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ملک بھر میں 10 لاکھ ملازمتیں فراہم کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے جس کے تحت ہماچل میں بھی روزگار میلے کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماچل میں بلک ڈرگ پارک، میڈیکل ڈیوائس پارک، ایمس سمیت کئی بڑے اداروں میں ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔

Recommended