Urdu News

بین الاقوامی پروازوں پر پابندی جاری ، 31 جولائی تک توسیع

بین الاقوامی پروازوں پر پابندی جاری

نئی دہلی ، 30 جون (انڈیا نیرٹیو)

مرکزی حکومت نے تجارتی بین الاقوامی پروازوں پرعائد پابندی میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی ہے۔ اب یہ پابندی 31 جولائی تک جاری رہے گی۔ اس کے پہلے حکم کے مطابق ، بین الاقوامی پروازوں پر پابندی 30 جون تک نافذ کی گئی تھی ، لیکن آج شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی سی اے) کی طرف سے ایک سرکلر جاری کرتے ہوئے بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی کو 31 جولائی تک بڑھا دیا گیا۔

واضح ہو کہ مارچ 2020 میں کورونا انفیکشن کے آغاز کے بعد لاک ڈاون نافذ ہونے کے بعد سے تجارتی بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد ہے۔ تاہم اس دوران ایئر ببلمعاہدے کے تحت ، ایئر انڈیا کی کچھ پروازوں کو کچھ ممالک میں آنے۔جانے کی اجازت دی گئی ہے ، تاکہ وہاں پھنسے ہوئے ہندوستانیوں کو واپس ہندوستان لایا جاسکے یا دوسرے ممالک کے شہریوں کو ان کے ملک واپس بھیجا جاسکے۔ اس کے تحت کچھ ممالک سے وندے بھارت مشن اور خصوصی پروازیں چلائی جارہی ہیں ، لیکن عام بین الاقوامی پروازوں پر مکمل پابندی ہے۔

کورونا کے پھیلاؤکی وجہ سے مارچ 2020 میں لاک ڈاون کے نفاذ کے ساتھ ہی ملکی اور بین الاقوامی پروازوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی تھی۔ بعد میں ، کچھ شرائط کے ساتھ 25 مئی 2020 سے گھریلو پروازیں شروع کی گئیں ، لیکن بین الاقوامی پروازوں پر پابندی تاحال جاری ہے۔ گھریلو ایئر لائنس کو 25 مئی 2020 سے کم گنجائش کے ساتھ پرواز بھرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ اس کے ساتھ ہی ہوائی کرائے پر کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ حدود بھی طے کی گئیں تاکہ مسافروں سے من مانی رقم وصول نہ کی جاسکے۔ ابتدائی طور پر پروازوں کو 33 فیصد کی گنجائش کے ساتھ پرواز بھرنے کی اجازت دی گئی تھی۔بعدازاں اس گنجائش کو بتدریج بڑھایا گیا اور 3 دسمبر 2020 کو پرواز کی گنجائش 80 فیصد کردی گئی۔

شہری ہوا بازی کے شعبے سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ ہوائی سفر پر عائد پابندیوں اور مسافروں کی تعداد کو محدود کرنے کی وجہ سے ایئر لائنس کو 50 سے 60 کروڑ روپے تک کا نقصان برداشت کرنا پڑرہا ہے ۔ ایسی صورتحال میں ہوابازی کے شعبے کی جانب سے کئی بار سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل سے مکمل گنجائش کے ساتھ ہوائی خدمات کو بحال کرنے کا مطالبہ کیا جا چکا ہے تاکہ ایئر لائنس کو ہونے والے نقصان کو کم کیا جاسکے۔

Recommended