Urdu News

جموں وکشمیر: محکمہ سیاحت نے پورے کشمیر میں یوم ماحولیات منایا

محکمہ سیاحت نے پورے کشمیر میں یوم ماحولیات منایا

محکمہ سیاحت نے آج پوری وادی کشمیر میں مختلف سرگرمیوں کے ساتھ عالمی یوم ماحولیات منایا۔اس سال کے جشن کی نمایاں خصوصیت صفائی مہم میں اسٹیک ہولڈرز اور سول سوسائٹی کے متعلقہ گروپوں کے ساتھ تعاون اور ان کی شمولیت، پودے لگانے، پینٹنگ اور دیگر آرٹ کی نمائشوں کا انعقاد، سائیکلنگ ایونٹس اور مختلف مقامات پر فطرت کے تحفظ کے عہد کے ساتھ واک کا انعقاد تھا۔اس سلسلے میں اہم تقریبات سری نگر کے زبروان پارک، نگین کلب، پہلگام، گلمرگ، سونمرگ، ویریناگ، ایکو پارک بارہمولہ، یوس مرگ، ماناسبل، دودپتھری اور احربل میں منعقد کی گئیں۔

زبروان پارک میں جہاں بھارت اسکاؤٹس اینڈ گائیڈز کےجموں وکشمیر چیپٹر اور مقامی اسٹیک ہولڈر کے اشتراک سے مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ڈل جھیل کے پانیوں پر منعقدہ آرٹ مقابلے کے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ محکمہ نے اس سال سیاحت کے اسٹیک ہولڈرز اور متعلقہ گروپوں کے ساتھ مل کر ہفتہ ماحولیات منانے کا سوچا ہے تاکہ اسے ایک عوامی تحریک بنایا جا سکے تاکہ ماحول کو موجودہ دور کے لیے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں اور وقتوں کے لیے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کی نازک ماحولیات کو محفوظ رکھ کر ہم نہ صرف خدمات فراہم کرنے والوں کی روزی روٹی کی حفاظت کرتے ہیں بلکہ اپنی آنے والی نسلوں کے لیے یہ سبز تحفے بھی فراہم کرتے ہیں۔

ڈائریکٹر، سیاحت، کشمیر، ڈاکٹر جی این ایتو، جنہوں نے بعد ازاں طلباکی نیچر واک کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور محکمہ کے دیگر افسران اس موقع پر موجود تھے۔بھارت سکاؤٹس اینڈ گائیڈز نے کشمیر بھر کے تمام مقامات پر آج کے تقریب کے لیے محکمہ کے ساتھ تعاون کیا تھا۔

قبل ازیں سکریٹری سیاحت نے گھاٹ نمبر سے ڈل جھیل میں صفائی مہم کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔سرمد حفیظ نے ان تنظیموں کے افسران اور نمائندوں کے ساتھ چنٹے کھل، چنار باغ اور نہرو پارک سے ہوتے ہوئے ڈل جھیل کا چکر لگایا۔ انہوں نے اسٹیک ہولڈرز اور این جی اوز کے گروپوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے آج کی تقریب کو منانے کے لیے رضاکارانہ طور پر محکمہ کے ساتھ تعاون کیا۔سیاحت کے سکریٹری نے محکمہ کو مشورہ دیا کہ وہ ان این جی اوز کے ساتھ نہ صرف ان تقریبات میں تعاون کرے بلکہ سیاحتی مقامات کو صاف ستھرا اور محفوظ رکھنے کے لیے اسے ایک باقاعدہ خصوصیت کے طور پر جاری رکھے۔

Recommended